کینو کی ایکسپورٹ کا باقاعدہ آغاز کل سے ہوگا
برآمدات کا ہدف 2لاکھ میٹرک ٹن مقرر ،10کروڑڈالر زرمبادلہ حاصل ہونے کی توقع
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) رواں سال کینو کی ایکسپورٹ کا باقاعدہ آغاز 20 نومبر بروز جمعہ سے ہوگا،اس سیزن میں کینو کی برآمدات کا ہدف 2 لاکھ میٹرک ٹن مقرر کیا گیا ہے ، جس سے پاکستان کو تقریباً 10 کروڑ امریکی ڈالر (27 ارب روپے سے زائد) زرمبادلہ حاصل ہونے کی توقع ہے ۔ پاکستان بالخصوص سرگودھا کا کینو اپنی منفرد خوشبو، ذائقے اور معیار کے باعث عالمی منڈیوں میں خصوصی اہمیت رکھتا ہے اور ملکی معیشت کے لیے قیمتی زرمبادلہ کمانے کا اہم ذریعہ ہے ، رواں سیزن میں پاکستانی کینو روس، مشرق وسطیٰ، سعودی عرب، عمان، قطر، دبئی، انڈونیشیا، ملائیشیا، سری لنکا، فلپائن سمیت دیگر ممالک کو برآمد کیا جائے گا۔
تاہم امریکہ اور ایران کے درمیان جنگی صورتحال اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث بین الاقوامی تجارتی سرگرمیاں، ترسیلی نظام اور برآمدات متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔ موجودہ حالات کے پیش نظر رواں سال تقریباً ایک لاکھ میٹرک ٹن کینو کی برآمدات کم ہونے کا اندیشہ ہے۔ جس سے ایکسپورٹرز، باغبانوں اور زمینداروں کو مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ،اس حوالے سے سینئر وائس چیٔرمین آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن و سابق صدر سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری چوہدری شعیب احمد بسرا کا کہنا ہے کہ سرگودھا کی کینو انڈسٹری کے لیے ایک اہم پیش رفت یہ بھی ہے کہ ازبکستان نے 184 پاکستانی کینو ایکسپورٹرز اور 39 پیک ہاؤسز کو اپنی منڈی تک رسائی کی منظوری دی ہے ، جس سے پاکستانی کینو کے لیے نئی تجارتی راہیں کھلنے اور برآمدات میں اضافے کے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments