پاکستان میں کرپشن بڑھ رہی ہے ٹرانسپر نسی انڑنیشنل
لینڈ سروسز میں کرپشن 75، پولیس میں65فیصدہوگئی،عدلیہ اور سیاسی جماعتیں بھی شکار،دیگر ادارےزد پر ہیں، عادل گیلانی کرپٹ ممالک میں پاکستان کا 34 واں،بھارت کا 87واں نمبر،34فیصد پاکستانی رشوت دینے پر مجبور ہیں، رپورٹ
کراچی (دنیا نیوز/ فارن ڈیسک) ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے مشیر عادل گیلانی نے خبردار کیا ہے کہ کرپشن میں ملوث افراد کو سزا نہ دینے کے باعث پاکستان میں کرپشن کی شرح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے،پریس کلب میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ 2برس کے دوران سب سے زیادہ کرپشن لینڈ سروسز میں کی گئی ، یہ شرح 75فیصد رہی، پولیس کا محکمہ65فیصد کرپشن کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا، عدلیہ اور سیاسی جماعتیں بھی کرپشن کا شکار ہیں، دیگر ملکی ادارے بھی کرپشن کی زد پر ہیں، کرپشن میں عدلیہ چھٹے نمبر پر رہی ، دنیا بھر کے کرپٹ ممالک میں پاکستان 34 ویں جبکہ بھارت 87 ویں نمبر پر ہے، کرپشن کا خاتمہ پاکستان کی نئی حکومت کیلیے سب بڑا چیلنج ہے، دریں اثنا ایک برطانوی اخبار کے مطابق ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے 95 ممالک میں کرپشن کی صورتحال کے جائزے پر مشتمل اپنی تازہ ترین رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ پاکستان میں 34 فیصد شہریوں کو رشوت دینی پڑتی ہے، سیرالیو ن میں کرپشن کی شرح سب سے زیادہ یعنی 84فیصد ہے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ متعدد ممالک میں سیاسی جماعتو ں اور پولیس کے علاوہ عدلیہ میں بھی رشوت کی شرح بہت زیادہ ہے۔ حیرت ناک بات یہ ہے کہ سرکاری افسران اور ارکان پارلیمنٹ میں کرپشن کی شرح عدلیہ اور پولیس کی نسبت بہت کم ہے۔ تجارتی اور مذہبی ادارے بھی کرپشن کا شکار ہیں لیکن ان اداروں میں اس برائی کی شرح کمتر ہے۔ اس رپورٹ کی تیاری کیلئے 95ممالک کے اعداد و شمار جمع کئے گئے، ان کے مطابق مجموعی طور پر ان ممالک کے کم از کم 25فیصد شہری حکومتی اداروں کو رشوت دینے پر مجبور ہیں، دنیا بھر کے جن 9ممالک میں رشوت کی شرح بہت زیادہ ہے ان میں سیرالیون 84فیصد کے بعد لائبیریا 75فیصد، یمن 74فیصد، کینیا 70فیصد، کیمرون، لیبیا، موزمبیق اور زمبابوے 62فیصداور یوگنڈا 61فیصدشامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق زیر جائزہ ممالک میں سیاسی جماعتوں میں رشوت کی شرح 51فیصد، پولیس 36فیصد، عدلیہ 20فیصد، ارکان پارلیمنٹ اور سرکاری افسران 7فیصد، میڈیکل اور ہیلتھ سروسز کے اداروں میں 6فیصد، ذرائع ابلاغ میں 4فیصد، مذہبی اور تجارتی اداروں میں یہ شرح 3فیصد ہے، رپورٹ کے مطابق کرپشن میں سرفہرست 9ممالک کے علاوہ دیگر ممالک میں افغانستان 46فیصد، الجیریا 41فیصد، بنگلہ دیش 39فیصد، مصر 36فیصد، بھارت اور گھانا 54فیصد، انڈونیشیا 36فیصد، عراق 29فیصد، کرغیزستان 45فیصد، نائیجیریا 44فیصد، ملائیشیا اور مالدیپ میں یہ شرح 3فیصدہے اور فلسطین میں 12فیصدجبکہ امریکا میں 7فیصداور برطانیہ میں 5فیصدہے۔