پسرور ،کھیتوں سے بھارتی چیتا پکڑا گیا،لاہور چڑیا گھر منتقل
چیتے کو دیکھنے کے لئے ہزاروں افراد جمع ، وائلڈ لائف کی گاڑی کے شیشے توڑ دئیے ڈاٹ گن کے فائر سے چیتا بے ہوش ، بھارت سے پاکستان آیا تھا، انسپکٹر وائلڈ لائف
گوجرانوالہ‘نارووال(نمائندہ خصوصی‘نمائندہ دنیا) وائلڈ لائف نے پسرور کے قریب کماد کے کھیتوں سے بھار ت سے آنے والا چیتا پکڑ کر لاہور چڑیا گھر منتقل کر دیا ۔ اطلاعات کے مطابق پسرور صدر کے علاقہ فتا میں دن دس بجے کے قریب نایاب نسل کا چیتا کھیتوں میں بیٹھا تھا ،اسے دیکھ کر لوگوں نے وائلڈ لائف کو اطلاع کر دی۔اطلاع پر وائلڈ لائف کے اعلیٰ حکام،ماہرین اور دیگر عملہ موقع پر پہنچ گیا ،اس دوران ہزاروں لوگ چیتے کو دیکھنے کیلئے جمع ہو گئے ،جب لوگوں کو قریب جانے سے روکا گیا تو انہوں نے ڈنڈوں سے حملہ کرکے وائلڈ لائف کی گاڑی کے شیشے توڑ ڈالے۔وائلڈ لائف کی ٹیم نے لاہور سے آنے والے ماہرین سے ڈاٹ گن بھی منگوا لی اورفائر ما ر کر چیتے کو بے ہوش کر دیا،بعدازاں اسے لاہور چڑیا گھر منتقل کر دیا گیا ۔’’دنیا ‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے وائلڈ لائف انسپکٹر طالب حسین نے بتایا کہ پکڑا جانے والا چیتا لیپڑ نسل کا ہے جو بھارت سے پاکستان میں داخل ہوا تھا ۔انہوں نے بتایا کہ چیتے نے کچھ روز قبل تین افراد کو حملہ کر کے زخمی کر دیا تھا۔