یوکرائن:جزیرہ کریمیا پر مسلح افراد کا قبضہ،روسی پرچم لہرا دیا

یوکرائن:جزیرہ کریمیا پر مسلح افراد کا قبضہ،روسی پرچم لہرا دیا

عوام تقسیم، ملک ٹوٹنے کا خدشہ، یورپ کا روس کو مداخلت نہ کرنے کا انتباہ

کیف(اے ایف پی، رائٹرز)یوکرائن کے جزیرہ نما کریمیا میں فوجی وردیوں میں ملبوس مسلح افراد نے سرکاری عمارتوں پر قبضہ کرکے ان پر روسی پرچم لہرا دیا ۔ ادھر روسی سرحد سے ملحقہ علاقوں میں بھی روس نوازمظاہرین نے پیش قدمی شروع کردی ہے اور یوکرائنی عوام روس اور یورپ کی حمایت میں تقسیم ہوکررہ گئے ہیں جس سے سابق سوویت ریاست کے ٹوٹنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے ۔ ادھر نیٹو کے سیکرٹری جنرل آندرس فوگ راسموسین، امریکی وزیرخارجہ جان کیری اور یورپی ممالک کے رہنماؤں نے کریمیا کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے روس کو متنبہ کیا ہے کہ وہ کشیدگی کو بڑھانے سے گریز کرے ۔ دوسری جانب روسی صدر پیوٹن نے یوکرائن سے متصل علاقوں میں متعین روسی افواج کو الرٹ اور جنگی طیاروں کو چوکس رہنے کا حکم دیا ہے ۔ادھر یوکرائن کے معزول صدر وکٹر یانوکووچ 5روز تک انڈرگراؤنڈ رہنے کے بعد روس میں نمودار ہوئے ہیں جبکہ یوکرائن کی پارلیمنٹ نے نئی کابینہ کی منظوری دیتے ہوئے ارسینے یتسنیوک کو نیا وزیراعظم منتخب کرلیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں