وزیر اعظم 81روز بعد آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرینگے

وزیر اعظم 81روز بعد آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرینگے

وزیر اعظم نواز شریف 81 روز کے وقفے کے بعد آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرینگے

لاہور (فرخ بصیر) وزیر اعظم نواز شریف 81 روز کے وقفے کے بعد آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرینگے ، انہوں نے آخری مرتبہ 23 فروری 2016 کو قومی اسمبلی کے 29 ویں سیشن کے آٹھویں اجلاس میں شرکت کی تھی۔ پاکستان میں2013کے عام انتخابات کے بعد معرض وجود میں آنیوالی 14 ویں قومی اسمبلی کے اب تک کل (306) اجلاس ہوچکے ہیں ، جن میں سے وزیر اعظم نے صرف 55 اجلاسوں میں شرکت کی۔ فافن کے فراہم کردہ دستاویزی ریکارڈ کے مطابق ان میں قومی اسمبلی کے 284 ریگولر اورپارلیمنٹ کے 22 مشترکہ اجلاس ہیں ۔تفصیلات کے مطابق وزیرا عظم نواز شریف نے پہلے پارلیمانی سال کے 99 میں سے صرف 7، دوسرے پارلیمانی سال کے کل 92 میں سے 21 اور تیسرے پارلیمانی سال کے اب تک ہونے والے 93 میں سے صرف 9 اجلاسوں میں شرکت کی ہے اور آج وہ قومی اسمبلی کے تیسرے پارلیمانی سال کے دسویں اجلاس میں شرکت کرنے آ رہے ہیں،اس طرح انہوں نے اب تک تینوں پارلیمانی سالوں کے ہونے والے 284 میں سے صرف37 اجلاسوں میں شرکت کی ہے ، اسی طرح جون 2013 سے 15مئی2016 تک پارلیمنٹ کے اب تک ہونے والے سات سیشنوں کے 22 میں سے 18اجلاسوں میں وزیر اعظم نواز شریف نے شرکت کی ہے ، جو قومی اسمبلی کی نسبت بہتر کارکردگی کو ظاہر کرتی ہے ۔ وزیر اعظم نے پارلیمنٹ کے پہلے ، دوسرے ، پانچویں اور چھٹے سیشن کے تحت ہونے والے ایک ایک اجلاس میں ، تیسرے سیشن کے دس میں سے 9، چوتھے سیشن کے پانچ میں سے 4 اور ساتویں سیشن کے تین میں سے ایک اجلاس میں شرکت کی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں