اسلام آبادمیں پہلے مندر،شمشان گھاٹ کیلئے پلاٹ کی مشروط منظوری

اسلام آبادمیں پہلے مندر،شمشان گھاٹ کیلئے پلاٹ کی مشروط منظوری

قومی کمیشن برائے انسانی حقوق اورسینیٹ قائمہ کمیٹی انسانی حقوق کے فیصلے اور اسلام آباد ہندو پنچایت کے مطالبے پر کیپٹل ڈویلپمنٹ ڈویژن (سی ڈی اے ) نے وفاقی دارالحکومت میں پہلے مندر اور شمشان گھاٹ کی تعمیر کیلئے پلاٹ دینے کی منظور ی دے دی ہے

اسلام آباد( ایس ایم زمان) قومی کمیشن برائے انسانی حقوق اورسینیٹ قائمہ کمیٹی انسانی حقوق کے فیصلے اور اسلام آباد ہندو پنچایت کے مطالبے پر کیپٹل ڈویلپمنٹ ڈویژن (سی ڈی اے ) نے وفاقی دارالحکومت میں پہلے مندر اور شمشان گھاٹ کی تعمیر کیلئے پلاٹ دینے کی منظور ی دے دی ہے ۔سی ڈی اے بورڈ نے مندر اور شمشان گھاٹ کیلئے پلاٹ وزارت مذہبی امور وبین مذاہب ہم آہنگی اور محکمہ اوقاف اسلام آباد سمیت متعلقہ اداروں کی منظوری سے مشروط کردی ہے ۔سی ڈی اے بورڈ آف ڈائریکٹر ز نے راولپنڈی اور اسلام آباد کے ہندو افراد کیلئے ایچ نائن، ٹو (H-9/2)میں مندر ، کمیونٹی سنٹر اور شمشان گھاٹ کی تعمیر کیلئے 3.89کنال کاپلاٹ دینے کی منظوری دے دی ہے ۔ سی ڈی اے کے ڈائریکٹوریٹ اربن پلاننگ نے ڈائریکٹوریٹ آ ف اسٹیٹ مینجمنٹ کواس حوالے خط لکھ دیاہے جس میں ہندو کمیونٹی کیلئے مندر ، شمشان گھاٹ اور کمیونٹی سنٹر کی تعمیر کیلئے پلاٹ دینے کی اجازت دی گئی ہے ۔واضح رہے کہ اسلام آبادراولپنڈی میں تقریبا 1200ہندو رہائش پذیرہیں جنہوں نے سینیٹ کی ہیومین رائٹس کمیٹی اور نیشنل کمیشن برائے ہیومین رائٹس میں درخواست کی تھی کہ عیسائی ،بہائی کمیونٹی کی طرح انہیں بھی مذہبی تقریبات اور رسومات کیلئے جگہ مختص کی جائے جس پر سینیٹ قائمہ کمیٹی انسانی حقوق اور قومی کمیشن برائے انسانی حقوق نے فیصلہ دیتے ہوئے سی ڈی اے کو ہدایت کی تھی کہ مندر ، شمشان گھاٹ اور کمیونٹی سنٹر ہندوئوں کابنیادی اور آئینی حق ہے اور ہندووں کے مطالبہ کوتسلیم کرتے ہوئے جگہ فراہم کی جائے گی ۔ جس پرسی ڈی اے بورڈآف ڈائریکٹر ز نے مذکورہ فیصلے کی روشنی میں پلاٹ دینے کی منظوری دے دی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں