عمران خان اور زلفی بخاری وطن واپس ، وزارت داخلہ کی رپورٹ تیار
پی ٹی آئی چیئرمین عیدالفطر کے بعد ملک بھر میں جلسوں سے خطاب کریں گے
اسلام آباد(نمائندگان دنیا ،دنیا نیوز)تحریک انصاف کے چیئرمین اور ان کے قریبی دوست زلفی بخاری سعودی عرب سے ملک واپس آگئے ہیں ، وفاقی وزیر داخلہ نے عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری کو سعودی عرب جانے کی اجازت دینے کے معاملے پر رپورٹ تیار کر لی جو آج نگران وزیراعظم ناصرالملک کو پیش کی جائے گی۔وزار ت داخلہ نے زلفی بخاری کے حوالے سے وزیر اعظم کو بھجوائی جانے والی رپورٹ میں کہا ہے کہ زلفی بخاری کا نام ای سی ایل میں نہیں بلیک لسٹ میں تھا جو نیب کی درخواست پر آف شور کمپنی کی وجہ سے ڈالا گیا تھا ۔وزارت داخلہ نے پہلے 30 دن کی سمری تیار کی تھی جسے کم کرکے 6 دن کیا گیا۔رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ نام نکالنے کیلئے کسی ادارے کا دباؤ نہیں تھا۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ زلفی بخاری کا نام نکالنے کے لئے نیب سے اجازت نہیں لی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ زلفی بخاری کے سعودی عرب جانے کے معاملے پر رپورٹ میں متعلقہ ایف آئی اے اور امیگریشن حکام کا موقف بھی شامل کیا گیا ہے ۔وزارت داخلہ نے رپورٹ میں موقف اپنایا کہ زلفی بخاری کانام ای سی ایل میں شامل نہیں تھا۔وزارت داخلہ کو بلیک لسٹ میں شامل کسی شخص کو صرف ایک بار بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کا اختیار ہے ۔قبل ازیں نگران وزیر اعظم ناصر الملک نے زلفی بخاری کے معاملے پر وزارت داخلہ سے رپورٹ طلب کرلی تھی ۔ ادھر تحریک انصاف متنازعہ پارٹی ٹکٹوں کو جائزہ لے گی ۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی کا اہم اجلاس آج بنی گالا میں طلب کر لیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ 10فیصد ٹکٹوں پر ورکروں کے تحفظات دور کئے جائیں گے ۔ دوسری طرف چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان عیدالفطر کے بعد ملک بھر میں جلسوں سے خطاب کریں گے ۔ذرائع کے مطابق عمران خان اپنے پانچ انتخابی حلقوں کے علاوہ بڑے شہروں میں روزانہ تین سے چار جلسوں سے خطاب کریں گے ۔