خاتون کا جعلی فیس بک اکائونٹ بنانے پر پشتوگلوکارہ گرفتار
گلوکارہ منیبہ شاہ جعلی آئی ڈی بنا کر لڑکیوں کی تصاویر پوسٹ کرتی تھی، ایف آئی اےبلیک میلنگ میں بھی ملوث،عدالت میں اعتراف جرم،14روزہ ریمانڈ پر جیل بھیج دیاگیا
پشاور(صباح نیوز، اے پی پی)پشاور میں ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے کارروائی کرتے ہوئے پشتو گلوکارہ منیبہ شاہ کو مبینہ طور پر خاتون کو بلیک میل کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ایف آئی اے کے مطابق گلوکارہ منیبہ شاہ نے فیس بک پر جعلی آئی ڈی بنا رکھی تھی، جس کے ذریعے وہ لڑکیوں کی تصاویر پوسٹ کرتی تھی ۔ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ گلوکارہ کو سوشل میڈیا پر خاتون کو بلیک میل کرنے کے الزام میں سائبر کرائم وِنگ نے گرفتار کیا ہے ۔گلوکارہ منیبہ شاہ کے خلاف سائبر کرائم قانون کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ۔ بعد ازاں مجسٹریٹ کی عدالت نے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا جبکہ منیبہ نے عدالت میں اعتراف کرلیا۔