’’اپنے تمام ایٹمی ہتھیار ہمارے حوالے کر دو ‘‘
ٹرمپ نے اپنا مطالبہ پرچی پر لکھ کر شمالی کوریا کے لیڈر کو دیا امریکی صدر کی حرکت پر مذاکرات ختم ، دونوں رہنماؤں کا کھانا بھی منسوخ
واشنگٹن(رائٹرز)ہنوئی میں گزشتہ ماہ ٹرمپ کم جونگ اون مذاکرات اچانک ختم ہونے کی وجہ منظر عام پر آگئی۔ نیوز ایجنسی کے مطابق ملاقات کے دوران صدر ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کو ایک پرچی پر لکھی تحریر پیش کی جس میں ڈھٹائی سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ پیانگ یانگ اپنے تمام نیوکلیئر ہتھیار اور ایٹمی ایندھن امریکہ کے حوالے کر دے ۔ قریبی ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے پر بتایا کہ ٹرمپ نے اس امریکی موقف کو انگلش اور کورین دونوں زبانوں میں کم جونگ اون کے حوالے کیا۔ یہ پہلا موقع تھا کہ ٹرمپ نے واضح الفاظ میں براہ راست کم جونگ کے سامنے ڈی نیوکلیئرائزیشن کی اپنی تعریف بیان کی تھی۔ امریکی صدر کی اس حرکت پر مذاکرات فوری ختم اور دونوں رہنماؤں کا اکٹھے کھانا منسوخ کر دیا گیا ۔ دونوں جانب سے کسی نے مذاکرات کے اچانک یوں ختم ہونے کی وجہ بیان نہیں کی۔ نیوز ایجنسی کے مطابق اس دستاویز کا پہلی مرتبہ ذکر قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے سربراہ ملاقات کے 2روز بعد ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران کیا مگر انہوں نے دستاویز میں بیان کی گئی امریکی توقعات کا ذکر نہیں کیا تھا۔رابطے پر وائٹ ہاؤس نے اس کلاسیفائیڈ دستاویز کا کوئی جواب نہ دیا، جبکہ دفترخارجہ نے تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔ ذرائع کے مطابق ہنوئی سربراہ اجلاس کے بعد شمالی کوریا کے حکام نے جان بولٹن اور مائیک پومپیو پر دادا گیروں جیسے رویئے کا الزام لگایا تھا۔ ایٹمی ہتھیار