آئندہ کیلئے قومی ایام،مذہبی تہوار عام تعطیلات کا کیلنڈر جاری
وفاقی حکومت نے آئندہ سال 2020 کیلئے قومی ایام ، مذہبی تہواروں پر عام اور اختیاری تعطیلات کا سالانہ کیلنڈر جاری کر دیا ۔
اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر)وفاقی حکومت نے آئندہ سال 2020 کیلئے قومی ایام ، مذہبی تہواروں پر عام اور اختیاری تعطیلات کا سالانہ کیلنڈر جاری کر دیا ۔ وزارت داخلہ کی طرف سے جاری سرکلر کے مطابق سال 2020 کے دوران عیدالفطر اور عیدالاضحی پر تین، تین تعطیلات ہوں گی، عیدالفطر اور عیدالاضحی کی تعطیلات میں کوئی ردوبدل چاند کی رویت کے حوالے سے کیا جا سکتا ہے ۔ سرکلر کے مطابق 5 فروری ، 23 مارچ اور یکم مئی پر ایک، ایک دن کی عام تعطیل ہو گی۔ عیدالفطرپر 25، 26 اور 27 مئی کی تین تعطیل ہوں گی، چاند کی رویت سے اس میں ردوبدل کیا جا سکے گا۔ اسی طرح عیدالاضحی پر 31 جولائی، یکم اور 2 اگست کی تین چھٹیاں ہوں گی جبکہ 14 اگست کو عام تعطیل ہو گی۔ عاشورہ محروم (9، 10 محرم) کے حوالے سے 29 اور 30 اگست کو 2 چھٹیاں ہوں گی۔ 12 ربیع الاول پر 30 اکتوبر کو عام تعطیل ہو گی۔ قائداعظم،کرسمس کے حوالے سے 25 دسمبر کو چھٹی ہو گی اور 26 دسمبر کو (صرف مسیحی برادری) کیلئے اختیاری چھٹی ہو گی۔ وزارت داخلہ کے سرکلر میں سال کیلئے بینک تعطیلات کا بھی اعلان کیا گیا۔