بزدار کا چھاپہ ، غیر حاضری پر سیکرٹری سیاحت عہدے سے فارغ، عملہ معطل

بزدار کا چھاپہ ، غیر حاضری پر سیکرٹری سیاحت عہدے سے فارغ، عملہ معطل

وقت پر دفتر نہ آنیوالے افسروں کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں، وقت کی پابندی یقینی بنائی جائے گی ، ہر محکمے کا اچانک دورہ کروں گا ، سیکرٹری بلدیات نور الامین مینگل کی بزدار سے ملاقات ، بلدیاتی مسودہ قانون کی اصولی منظوری دیدی ،عوام کو حقیقی معنوں میں بااختیار بنائے گا، وزیر اعلیٰ

لاہور(سیاسی رپورٹر سے ) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے محکمہ سیاحت کے ہیڈ آفس پر اچانک چھاپہ مارا۔بزدار بغیر پروٹوکول ساڑھے دس بجے محکمہ سیاحت کے آفس پہنچے ۔وزیراعلیٰ نے افسروں اور عملے کی حاضری چیک کی۔ سیکرٹری سیاحت اور دیگر افسروں و عملے کی دفتر سے غیر حاضری پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ سیکرٹری سیاحت کو فوری طور پر او ایس ڈی بنانے کا حکم دیا جبکہ غیر حاضر دیگر افسروں اور عملے کو معطل کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ مقررہ وقت پر دفتر حاضر نہ ہونے والے افسروں اور عملے کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔تاخیر سے دفتر آنا سرکاری فرائض میں غفلت ہے ۔انہوں نے کہا کہ غیر حاضر افسروں اور عملے کے خلاف تادیبی کارروائی کا حکم دے دیا ہے ۔ دفاتر میں وقت کی پابندی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر محکمے کا اچانک دورہ کروں گا۔ محکموں کی کارکردگی اور افسروں کی حاضری کو تسلسل کے ساتھ مانیٹر کیا جائے گا۔ وقت پر دفتر حاضر نہ ہونے والے افسروں اور عملے کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ سرکاری افسران اور عملہ اپنا قبلہ درست کر لیں۔ محکمہ سیاحت کے افسروں اور عملے کے خالی دفاتر دیکھ کر سخت مایوسی ہوئی اور یہ رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے اتحادیوں کے ساتھ مشاورت کے بعد فائنل ہونے والے نئے بلدیاتی مسودہ قانون کی اصولی منظوری دیدی ،وزیراعلیٰ پنجاب کہتے ہیں کہ نئے بلدیاتی مسودہ قانون پر اتحادیوں سے اتفاق ہوچکا ہے ۔بزدار سے سیکرٹری بلدیات نور الامین مینگل نے ملاقات کی ،سیکرٹری بلدیات نور الامین مینگل نے وزیر اعلیٰ کو ترمیم شدہ مسودہ قانون پر بریفنگ دی ،وزیر اعلیٰ نے نئے بلدیاتی قانون کے حوالے سے ترمیمی مسودہ قانون کی اصولی منظوری دی ،وزیر اعلٰی نے معاملہ کابینہ کے سامنے رکھنے کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ۔بزدار نے کہاکہ نیا بلدیاتی نظام صوبے میں عوام کو حقیقی معنوں میں بااختیار بنائے گا۔اس نظام سے نچلی سطح پر عوام کے مسائل انکی دہلیز پر حل ہوں گے نیا بلدیاتی مسودہ قانون محکمہ بلدیات نے محکمہ قانون کو بھجوا دیا ،محکمہ قانون سے فائنل ہونے کے بعد سمری کابینہ اجلاس کے لئے بھجوا دی جائے گی اور کابینہ سے اس کی منظوری لی جائے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں