وزیر اعظم کا بیلا روس سے تعاون بڑھانے کا عزم

وزیر اعظم کا بیلا روس سے تعاون بڑھانے کا عزم

اسلام آباد (اے پی پی،دنیا نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے بیلاروس کے ساتھ اقتصادی، زرعی، سائنس اور ٹیکنالوجی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم، ثقافت اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے پاکستان بیلاروس کے ساتھ اپنے خوشگوار اور کثیر الجہتی تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔

 شہبازشریف سے بدھ کو لاہور میں بیلاروس کے وزیر خارجہ سرگئی ایلینک نے ملاقات کی۔وزیر خارجہ ایلینک نے وزیر اعظم کو صدر لوکاشینکو کا تہنیتی پیغام پہنچایا جس میں کہا گیا بیلاروس پاکستان کو خطے کا اہم ملک سمجھتا ہے اور علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے اس کی کوششوں کو سراہتا ہے ۔وزیراعظم نے بیلاروس کے وزیر خارجہ کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔پاکستان اور بیلاروس کی 2024 میں سفارتی تعلقات کے قیام کی 30 ویں سالگرہ کے تناظر میں وزیر اعظم نے وفود کے تبادلوں اور دیگر سرگرمیوں کا خیرمقدم اور انہوں نے بیلاروس کے صدر کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت کا بھی اعادہ کیا۔دریں اثناء وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے ملکی ترقی زرعی شعبے کی جدت کے بغیر ممکن نہیں، رواں سال گندم کی تاریخی پیداوار موجودہ حکومت کے کسان پیکیج کی بدولت ممکن ہوئی۔وزیر اعظم کی زیر صدارت زرعی شعبے کے حوالے سے بجٹ تجاویز پر اجلاس ہوا جس میں گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا زراعت کا شعبہ ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ، کھاد پر سبسڈی براہ راست کسانوں تک پہنچائی جائے ، معیاری بیج کی فراہمی، جدید مشینری، ایکسٹینشن سروسز اور زرعی تحقیق کیلئے وسائل بجٹ میں مختص کئے جائیں گے ۔شہباز شریف نے ہدایت کی زرعی ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کیلئے بجٹ میں عملی اقدامات شامل کئے جائیں۔ انہوں نے کہا دیہات میں پھلوں کی پراسیسنگ اور پلپنگ کیلئے چھوٹے پلانٹ لگائے جائیں۔وزیر اعظم نے کہا حکومت خوردنی تیل کی پیداوار بڑھا کر پاکستان کو اس میں خود کفیل کرے گی، حکومت یقینی بنائے گی کہ کسانوں کو بروقت اور آسان شرائط پر قرضے فراہم کئے جائیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں