چیئرمین پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے: چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ، حکم نہیں ملا: حکام، سائفر کیس کی سماعت آج اٹک جیل میں: وزارت قانون
اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے، سپیشل رپورٹر، نیوز ایجنسیاں)اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے سائفر کیس میں گرفتار چیئرمین پی ٹی آئی کو اٹک سے اڈیالہ جیل منتقل کرنے اور جیل مینوئل کے مطابق تمام سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیئے ہیں کہ۔۔۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا کاسٹیٹس تبدیل ہو چکا، سزا معطلی ہونے کے بعد وہ انڈر ٹرائل قیدی ہیں جو اڈیالہ جیل رکھے جاتے ہیں،پھر چیئرمین پی ٹی آئی کو اٹک جیل کیوں رکھا گیا ؟ انہیں اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے اور سابق وزیراعظم کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنا کر سہولیات سے محروم نہیں رکھنا چاہیے جبکہ جیل حکام کا کہنا ہے کہ ہائیکورٹ کی طرف سے کوئی حکم نہیں ملا ، وزارت قانون کے مطابق سائفر کیس کی سماعت آج اٹک جیل میں کی جائے گی ۔گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل سہولیات اور ڈسٹرکٹ جیل اٹک سے سنٹرل جیل اڈیالہ منتقلی کی درخواست پر سماعت کے دوران عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سائفر کیس میں انڈر ٹرائل قیدی ہیں،اسلام آباد کے تمام انڈر ٹرائل قیدی اڈیالہ جیل ہوتے ہیں ،توشہ خانہ کیس میں انہیں اٹک جیل رکھا گیا تھا وہ سزا معطل ہو چکی ہے ،جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا جب سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری ہوئی تو عدالتی آرڈر اٹک جیل کا ہے ،چیف جسٹس نے کہا کیونکہ وہ اس وقت اٹک جیل میں تھے اسی لئے جج نے آرڈر کیا،کل کو آپ رحیم یار خان ٹرانسفر کر دیتے ہیں تو وہاں سے ٹرائل کریں گے ؟
چیف جسٹس نے کہاقانون کے مطابق اسلام آباد کے انڈر ٹرائل قیدی کو اڈیالہ جیل ہونا چاہیے ،چیئرمین پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل شفٹ کریں،شیر افضل مروت ایڈووکیٹ نے کہاچیئرمین پی ٹی آئی سپورٹس مین ہیں انہیں ایکسرسائز مشین فراہم کرنے اور اٹک جیل سے اڈیالہ منتقل کرنے کا تحریری آرڈر بھی جاری کیا جائے ،چیف جسٹس نے کہاکوشش ہو گی اڈیالہ جیل منتقلی کا آج ہی تحریری حکمنامہ جاری کردیں، بتایا گیا تھا کہ اب جیل میں اے بی اور سی کلاس ختم ہو گئی ہے ،بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا اب جیل میں عام اور بہتر کلاس ہوتی ہے ، وہ بہتر کلاس کے حقدار ہیں،چیف جسٹس نے کہا یہ بات تو طے شدہ ہے کہ وہ بہتر کے حقدار ہیں،جیل رولز کے مطابق وہ جن چیزوں کے حقدار ہیں وہ انہیں ملنی چاہئیں،ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ ان کی کوئی حق تلفی ہو۔انسدادِدہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت نے تھانہ رمنا میں درج دو مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت پیش کرنے کی درخواست پر دلائل طلب کرلیے ۔ پی ٹی آئی وکیل ضیاء الرحمٰن نے پیش ہوکرچیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت پیش کرنے کی درخواست دائر کی، عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے دلائل طلب کرلیے اورسماعت 12 اکتوبرتک ملتوی کردی ،سول جج قدرت اللہ نے مبینہ غیر شرعی نکاح کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
دوران سماعت اٹک جیل حکام کا خط عدالت پیش کیاگیا جس میں بتایاگیا کہ سکیورٹی خدشات کے باعث چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت پیش نہیں کرسکتے ،پراسیکیوٹر کے معاون نے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست دائر کرتے ہوئے کہا سپریم کورٹ میں مصروفیت کے باعث رضوان عباسی عدالت پیش نہیں ہوسکتے ،شیر افضل مروت ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوگئے اور سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا چیئر مین پی ٹی آئی کو عدالت پیش کرنے کی دوبارہ ہدایت کی جائے ،اب اٹک کا معاملہ نہیں اڈیالہ جیل کا ہے ،عدالت نے آئندہ سماعت پر چیئرمین پی ٹی آئی کو پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت2 اکتوبر تک ملتوی کردی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق نے سائفر کیس میں سپیشل پراسیکیوٹرز کی جانب سے ان کیمرہ سماعت کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ کیس کا ریکارڈ دیکھ کر اس پر فیصلہ کریں گے ،پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ سائفر کیس کا آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ٹرائل ہو رہا ہے ،سابق وزیراعظم اور سابق وزیر خارجہ اس کیس میں گرفتار ہوئے ،کیس کی حساسیت کے پیش نظر فیصلہ ہوا تھا کہ ٹرائل میں ان کیمرہ کارروائی ہو گی،چیف جسٹس نے کہااب تو عدالتی سماعتوں کی لائیو سٹریمنگ ہوا کرے گی اور کارروائی پوری دنیا دیکھے گی،چیف جسٹس کے طور پر یہ عمل میری عدالت سے شروع ہو گا،ہمیں تو اِس مطابق اپنی تیاری رکھنی چاہیے ۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نعیم پنجوتھا نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل منتقل کردیاگیا ہے اور انہیں سابق وزیراعظم کی سہولیات مہیا کردی گئی ہیں۔ ٹی وی کے مطابق تاہم اڈیالہ جیل حکام نے چیئرمین پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل منتقل کرنے کی خبر کی تردید کی اور کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو تاحال اڈیالہ جیل منتقل نہیں کیا گیا۔جیل ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی تاحال اٹک جیل میں موجود ہیں، ہائی کورٹ کا حکم تاحال موصول نہیں ہوا۔جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالت کا حکم ملتے ہی اس پر عمل درآمد ہوگا۔دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل و ترجمان برائے قانونی امور نعیم حیدرپنجوتھا کا کہنا تھاکہ پتہ چلاہے چیئرمین پی ٹی آئی کو اٹک سے اڈیالہ جیل شفٹ کردیاگیا لیکن سمجھ سے باہر ہے اٹک جیل بات ہوئی وہ کہہ رہے ہیں چیئرمین پی ٹی آئی ابھی ہمارے پاس ہیں ۔چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت آج بھی جیل میں ہوگی۔وزارت قانون نے سائفر کیس کی اٹک جیل میں سماعت کا این او سی جاری کردیا ہے ،خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین آج جیل میں سماعت کریں گے تاہم نوٹیفکیشن کو سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل کو بھجوایا گیا ۔
توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ایک بار پھر ڈی لسٹ کر دی گئی۔الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں فرد جرم عائد کرنا تھی۔چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت گیارہ اکتوبر کو ہو گی۔