چیف جسٹس ناجائزآئی پی پیز معاہدوں کا نوٹس لیں:سراج الحق
اسلام آباد/لاہور(صباح نیوز،سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے آئی پی پیز معاہدوں پر ایکشن لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ۔۔۔
اگر وہ عوام کو ظلم و ناانصافی سے نجات دلا دیں تو ان کا احسان ہو گا، آئی پی پیز کے مالکان کے اثاثے بیچ کر مہنگی بجلی کا بوجھ اتارا جائے ۔ بجلی ، تیل ، گیس کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف اگلے مرحلے میں گورنر ہاؤس کراچی کے سامنے دھرنا دیا جائیگا ، بلز میں اضافہ واپس نہ لیا گیا تو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ اور یہاں پڑاؤ ڈالا جائیگا ۔ انتخابات میں عدلیہ ، الیکشن کمیشن اور اسٹیبلشمنٹ غیر جانبدار رہیں ، عوام کوفیصلہ کرنے دیں ۔ دورہ کوئٹہ کے بعد پیرکواسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سراج الحق نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ قومی انتخابات کی واضح اور ایک تاریخ دی جائے تاکہ قوم کا ابہام دور ہو ،صاف اور شفاف انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کا امتحان ہے ، 1994ء میں پیپلزپارٹی نے آئی پی پیز معاہدے کر کے قوم پر ظلم کیا، ن لیگ کے ادوار میں مزید معاہدے ہوئے ، پی ٹی آئی نے انھیں جاری رکھا، تاحال 88کمپنیوں کو 8ہزار ارب روپے سے زائد کی ادائیگیاں کی جا چکیں ، فراڈ معاہدے ختم کیے جائیں ۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بجلی کے بلوں میں 48فیصد ٹیکسز شامل ہیں، انھیں ختم کر کے صارفین سے اصل قیمت وصول کی جائے ، چیف جسٹس کے پاس موقع ہے وہ عوام کو انصاف دلائیں، آئی پی پیز معاہدوں کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرینگے ۔ لاہور، پشاور اور کوئٹہ گورنر ہاؤسز کے سامنے مہنگائی کیخلاف دھرنوں کے بعد اب کراچی گورنر ہاؤس کے باہر دھرنا ہو گا ۔