الیکشن کمیشن کا اسمبلیوں کی موجودہ نشستیں برقرار رکھنے کا فیصلہ: حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست کل جاری
اسلام آباد(وقائع نگار)الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کی موجودہ نشستوں کی تعداد برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے قومی و صوبائی اسمبلیوں کیلئے ابتدائی حلقہ بندیوں پر کام آخری مراحل میں داخل ہوگیاہے اور الیکشن کمیشن کی حلقہ بندیاں کمیٹیوں نے ابتدائی حلقہ بندیوں پر کام مکمل کرلیا، پہلے یہ ابتدائی فہرستیں 10 اکتوبر کو جاری کی جانی تھیں،چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی منظوری کے بعد ابتدائی حلقوں کی فہرست کل 27 ستمبر کو جاری ہوگی،الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن کمیشن آج ابتدائی حلقہ بندیوں کی منظوری دے گا،قومی و صوبائی اسمبلیوں کی موجودہ نشستیں برقرار رہیں گی، کیونکہ حلقہ بندیوں سے قبل حلقوں میں ردو بدل کیلئے آئینی ترمیم کی ضرور ت ہوتی ہے جو کہ سا بق دور حکومت میں نہیں کی گئی اور آئینی اسمبلیوں کی عدم موجودگی میں ممکن نہیں، الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شدہ شیڈول کے مطابق حلقہ بندیوں پر تجاویز اور اعتراضات 28 ستمبر تا 27 اکتوبر دائر ہوسکیں گے ۔ الیکشن کمیشن اعتراضات پر 28 اکتوبر سے 26 نومبر تک نمٹائے گاجبکہ الیکشن کمیشن حتمی حلقہ بندیاں 30 نومبر کو جاری کریگا۔ پنجاب میں قومی اسمبلی کا حلقہ 9 لاکھ 5 ہزار 595 ،سندھ کا 9 لاکھ 13 ہزار ، خیبرپختونخوا میں 9 لاکھ 7 ہزار 913 ، بلوچستان میں 9 لاکھ 30 ہزار 900 اوراسلام آباد کیلئے قومی اسمبلی کا حلقہ 7 لاکھ 87 ہزار 954 کی آبادی پرمشتمل ہوگا،پنجاب اسمبلی کے حلقے کا کوٹہ 4 لاکھ 29 ہزار 929 ہے ،ذرائع کے مطابق سندھ اسمبلی کے حلقہ کا کوٹہ 4 لاکھ 28 ہزار 431 رکھا گیا ہے ۔ خیبرپختونخوا اسمبلی کا 3 لاکھ 55 ہزار 270، بلوچستان اسمبلی کے حلقہ کا کوٹہ 2 لاکھ 92 ہزار 47 نفوس پرہوگا۔ قومی اسمبلی کی 266،پنجاب اسمبلی کی 297 جنرل نشستیں رکھی گئیں، سندھ اسمبلی کی 130،بلوچستان کی 51 اور خیبرپختونخوا اسمبلی کی 115 نشستوں پر حلقہ بندیاں کی گئی ہیں ۔