سکھ زائرین کی خدمت اور حفاظت ہمارا فرض،ہر قیمت پر نبھائیں گے:مریم نواز

سکھ زائرین کی خدمت اور حفاظت ہمارا فرض،ہر قیمت پر نبھائیں گے:مریم نواز

لاہور،شکرگڑھ ،چک امرو(دنیانیوز،تحصیل رپورٹر،نامہ نگار ،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے کہاہے کہ پاکستانی پنجاب کی تاریخ میں پہلی خاتون وزیراعلیٰ منتخب کرنے پر دنیا بھر کے پنجابیوں کو سلام پیش کرتی ہوں۔

پنجاب کی یہ بیٹی خدمت کر کے پنجاب کے ہر باپ اور ہر بھائی کی پگ کا شملہ اونچا رکھے گی۔ ہم پنجاب میں بستے ہیں اور پنجاب ہمارے دل میں بستاہے ،نواز شریف نے مجھے کہاہمسائیوں سے لڑائی نہیں کرنی،دوستی کے دروازے کھولیں،دلوں کے دروازے کھولیں،راستے کھولیں۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے گزشتہ روز کرتارپور میں گندم کے سنہرے خوشہ کاٹ کر بیساکھی کا باضابطہ آغاز کیا۔گوروداوارہ کی درشن ڈیوری میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ا نہوں نے کرتارپور سے لاہور سیالکوٹ موٹر وے تک لنک روڈ کی تعمیر ومرمت کے پراجیکٹ کابھی اعلان کیا۔ان کا کہناتھاکہ پنجاب کایہ اعزاز ہے کہ انہوں نے اپنی دھی رانی کو وزیراعلیٰ بنا کر مان بڑھایا۔ سکھ زائرین کی سہولت،خدمت اورحفاظت ہمارا فرض ہے جسے ہر قیمت پر نبھائیں گے ، سکھوں کے مقدس مقامات اور علاقوں کی ڈویلپمنٹ کے ساتھ یہاں اچھے ہوٹل تعمیر کریں گے ،ٹرانسپورٹ اور سکیورٹی کے بہتریں سروسز مہیا کی جائیں گی،پنجاب کی دھرتی کے دروازے پوری دنیا کے سکھوں کیلئے کھلے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں پاکستانی ہو اورٹھیٹھ پنجابی ہوں،پنجاب کے لوگ خوش ہونا جانتے ہیں اورخوشیاں منانی آتی ہیں،میں نے بابا گورونانک کی حیات کا مطالعہ کیاہے ۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے بتایا کہ نواز شریف نے خصوصی طور پر سکھ برادری کو مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے ۔مریم نواز نے کہاکہ دل کرتا ہے انڈین پنجاب کی طرح پاکستان کے پنجابی بھی فخر کے ساتھ پنجابی زبان دل کھول کر بولیں۔انہوں نے اس موقع پر پنجابی میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دنیا بھرتو آن والے سکھ بہناں تے بھراواں نوں جی آیاں نوں تہاڈا آنا سر متھے تے ،سکھ بھراواں تے بہناں نوں خالصہ جنم دن دی مبارکباد ،ہور ویساکھی دی وی ڈھیر ودھیاں ۔قبل ازیں پاک درشن ڈیوڑھی آمد پر سکھ زائرین اورخواتین نے ہاتھ جوڑ کرگرمجوشی سے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا پرتپاک استقبال کیا،انہوں نے سروور اور سمادھی کا دورہ کیا،مریم نواز کو شال پہنائی گئی اور دیگر تحائف دئیے گئے ۔وزیر اعلیٰ مقدس کنویں، سکھ آرٹ گیلری بھی دیکھی،ان کی ابلے چاول،کڑھی پکوڑے ،مونگ کی دال، گڑ والے چاول اور روٹی اچار سے تواضع کی گئی،انہوں نے یاتریوں کیساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا ۔مریم نواز شریف نے بابا گرونانک کے کھیت میں کٹائی کا اعزاز حاصل کرنے پر مسرت کا اظہار کیا۔ دریں اثنا لاہور میں وزیراعلیٰ مریم نوازشریف سے روس کے سفیر البرٹ خوریف نے ملاقات کی، ملاقات میں زراعت، ٹیکنالوجی، تجارت اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔ مریم نواز نے کہا کہ روس پاکستان کے تعلقات کو مزید تقویت دینے کے لئے باہمی تجارت کو مزید بڑھانا چاہتے ہیں، روس کے زرعی تجربے سے استفادہ حاصل کرنا چاہتے ہیں ۔روسی سفیر البرٹ خوریف نے کہا کہپاکستان دیرینہ دوست اور خطے کا اہم ملک ہے ، پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید بلندیوں پر لے جانا چاہتے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں