حافظ نعیم الرحمن نے امیر جماعت اسلامی کا حلف اٹھالیا

حافظ نعیم الرحمن نے امیر جماعت اسلامی کا حلف اٹھالیا

لاہور(سٹاف رپورٹر) نومنتخب امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا، حافظ نعیم الرحمن حلف لیتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے ۔حلف اٹھانے کے بعد جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے حافظ نعیم الرحمن کو مبارکباد دی۔

 حلف برداری کے بعد سراج الحق سے گلے ملتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن کی آنکھیں بھر آئیں۔حلف اٹھانے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہم اپنی پالیسی کے مطابق آگے بڑھیں گے ۔امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ فارم 47 والے پاکستان کی قیادت کے اہل نہیں، یہ زبردستی مسلط کئے گئے ہیں، فارم 47 والوں کے خلاف ایک بڑی تحریک لے کر چلیں گے ۔ جماعت اسلامی کی تحریک کو 76 سال ہو گئے ہیں، یہ تحریک امن کے قیام کی تحریک ہے ، یہ تحریک ظلم اور فساد کو مٹانے کی تحریک ہے ۔امیرجماعت اسلامی نے کہا کہ یہ تحریک ایک منظم تحریک ہے ، ہم سازشوں کے ذریعے اقتدار حاصل نہیں کریں گے ، ہم جمہور کی طاقت سے انقلاب لانا چاہتے ہیں۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کشمیر مسئلہ آج تک اقوام متحدہ میں حل طلب ہے ، فلسطین میں 35 ہزار سے زائد لوگ شہید ہو چکے ہیں، دنیا میں جمہوری اقدار اپنے اعلانات کے مطابق نہیں، دہشت گرد ملک فلسطینیوں کو مار رہا ہے یہ کونسی جمہوریت ہے ؟۔انہوں نے سراج الحق کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سراج الحق نے باپ کی طرح سب کو ساتھ رکھا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں