ساری گندم خریدیں تو500ارب کا نقصان:پنجاب حکومت:بارڈرز کھولیں،باہر بیچ لیں گے:کسان رہنما

ساری گندم خریدیں تو500ارب کا نقصان:پنجاب حکومت:بارڈرز کھولیں،باہر بیچ لیں گے:کسان رہنما

لاہور(عمران اکبر ،مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب کے وزیر خوراک بلال یاسین نے کہاہے کہ باردانے کی لاکھوں درخواستیں موصول ہوئی ہیں ہم 40لاکھ میٹرک ٹن گند م نہیں خرید سکتے ،اس سے 300سے 500ارب روپے کا نقصان ہوگا۔

جبکہ کسان اتحاد پاکستان کا کہناہے کہ اگر آپ مافیاز کو کنٹرول نہیں کر سکتے تو بارڈر کھول دئیے جائیں، ہم افغانستان اور دوسرے  ہمسایہ ممالک کو گندم بیچ کر ملک میں زرمبادلہ لائیں گے ،اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو 29 اپریل کو پنجاب اسمبلی کے سامنے پورے پاکستان کے کسان دھرنا دیں گے ۔بلال یاسین نے غیرملکی اخبار کوانٹرویو دیتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں ضرورت سے زیادہ 26 ہزار میٹرک ٹن درآمدی گندم گوداموں میں موجود ہے ، جو نگران حکومت نے منگوائی تھی،ہماری حکومت ایک ماہ پہلے آئی ہے اورہمارے گوداموں میں گندم رکھنے کی جگہ موجود نہیں،حکومت جو گندم خریدے گی وہ بھی جگہ کرائے پر لے کر رکھی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ خریداری ضرور ہو گی مگر پہلے سے آدھی خریدنے کی کوشش کر رہے ہیں،اگر ساری گندم خریدیں تو حکومت کو تین سے پانچ سو ارب روپے تک نقصان ہو گا۔ ہم نے جو پالیسی بنائی ہے اس کے مطابق صرف چھ ایکڑ والے کاشتکار حکومت کو 3900 روپے فی من کے ریٹ سے گندم فروخت کر سکیں گے ، چھ ایکڑ کے مالک کسان کو فی ایکڑ چھ بیگ کے حساب سے 36 تھیلے باردانے کے فراہم کئے جائیں گے ۔

چیئرمین کسان اتحاد پاکستان خالد حسین باٹھ اور مرکزی صدر میاں عمیر کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ بجلی مہنگی، مہنگا ڈیزل اور بلیک میں کھاد لے کر کسانوں نے گندم لگائی مگر اس کو نرخ نہیں مل رہا، نگران حکومت نے پاکستانی کسانوں کی فصلوں کا سوچے بغیر 22 لاکھ ڈالرز کی گندم بیرون ملک سے منگوائی۔‘فلور ملز والے 2200 اور 2400 میں گندم خرید رہے ہیں،دوسراجنوبی پنجاب میں تو واٹس ایپ نہیں چلتا وہاں پر ایپ کیسے چلے گی؟۔ محکمہ خوراک نے 14 اپریل 2024 کو ہی باردانہ ایپ فعال کر دی تھی دیہات کے ان پڑھ طبقے کی اکثریت کو ایپ استعمال کرنا نہیں آتی، بار دانہ ایپ میں سنجیدہ اورسخت شرائط رکھ دیں ،کسانوں کی درخواستیں جمع نہ ہو سکیں ، 17 اپریل کو آن لائن باردانہ ایپ کی درخواستوں کا وقت ختم کر دیا گیا،ایپ بند ہونے سے کسان سراپا احتجاج ہیں ،کسان اتحاد نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو تحفظات سے آگاہ کردیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پالیسی پر نظر ثانی کیلئے وقت مانگ لیا،ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی کسانوں کے تحفظات دور کرنیکی کی ہدایت کر دی ،تحفظات دور نہ ہونے کی صورت میں پنجاب اسمبلی سامنے دھرنا دیں گے ۔محکمہ خوراک کے مطابق 20 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدنے کا ہدف ہے ، بار دانہ ایپ کو 14 سے 17 اپریل تک فعال رکھا گیا،بار دانہ ایپ پر 4 لاکھ 6 ہزار درخواستیں موصول ہوئی ہیں،کسانوں کی درخواستوں کی جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے ۔محکمہ خوراک کا دعویٰ ہے کہ پچھلے سال 1 لاکھ 12 ہزار کسانوں سے گندم خریدی گئی تھی،اس بار چار لاکھ کسانوں کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں