مریم نواز کا پولیس وردی میں پریڈ کا معائنہ،تمغے اور انعامات دئیے

مریم نواز کا پولیس وردی میں پریڈ کا معائنہ،تمغے اور انعامات دئیے

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوزایجنسیاں) چوہنگ پولیس ٹریننگ کالج میں پاسنگ آؤٹ پریڈ گزشتہ روز ہوئی جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اورپولیس وردی میں ملبوس ہو کر پریڈ کا معائنہ کیا، انہوں نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی پولیس اہلکاروں میں انعامات اوراعزازات تقسیم کئے ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ حکومت محکمہ پولیس میں خواتین کی تعداد بڑھانا چاہتی ہے ،آئی جی پنجاب کو ہدایت کی ہے کہ 7ہزار خواتین پولیس اہلکار کم ہیں ان کی تعداد میں اضافہ کیا جائے ،ہم پولیس کے شعبے میں خواتین کی تعداد50فیصدکریں گے ۔ مجھے آگ کا دریا عبور کر کے وزیرِ اعلیٰ کی کرسی تک پہنچنا پڑا،اچھی بات ہے میری ٹریننگ ہوئی ، چیف منسٹر کی کرسی اللہ تعالیٰ نے مجھے دی ، کوئی نہیں کہہ سکتا کہ باپ سابق وزیراعظم تھاتو بیٹی یہاں تک پہنچی ، والد نوازشریف کے چہرے پر تشکر کے تاثر دیکھتی ہوں تو لگتا ہے کہ میری محنت کامیاب ہو گئی، سب اپنی بیٹیوں پر اعتماد کریں ، ان کے ساتھ کھڑے ہوں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خواتین بہت محنتی ہیں،سپر ہیومین کی طرح کام کرتی ہیں،مائیں بھی،بیٹیاں بھی،بہنیں بھی اور پروفیشنل بھی ہیں،میں سب کو سلیوٹ،سب کو سلام پیش کرتی ہوں ۔ اس موقع پر ٹریفک اسسٹنٹ فضہ بتول، مقدس رانی،حافظہ عشا، لیڈی پولیس کانسٹیبل جویریہ فیاض،کوثر ریاض،لائبہ شبیرکو انعامات د ئیے گئے جبکہ مظفر گڑھ کی لیڈی کانسٹیبل طیبہ امین کو اعزازی تلوار سے نوازا گیا۔مریم نوازشریف کا کہناتھاکہ پہلی بار پولیس یونیفارم پہنی تو احساس ہوا پولیس کی نوکری یا سی ایم کا حلف ، بہت ہی ذمہ داری کا کام ہے ،وزیر اعلیٰ آفس میں ہم فیصلے کرتے ہیں آپ اس پر عملدرآمد کراتے ہیں،آپ پر بھاری ذمہ داری ہے ۔

خواتین نرم دل ہوتی ہیں،جلد معاف کر دیتی ہیں لیکن لیڈی پولیس کانسٹیبلز آپ نے صرف اور صرف انصاف سے کام کرنا ہے ،آپ کے دل میں ظالم کیلئے کوئی نرمی نہیں ہونی چاہئے ۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ ملک میں جہاں بھی ترقی نظر آتی ہے وہاں پر نوازشریف اور شہباز شریف کا ہی نام ہے قبل ازیں وزیراعلیٰ کی پولیس ٹریننگ کالج میں آمد پر انہیں چاک وچوبند دستوں نے سلامی دی ،مریم نواز نے جیپ پر پاسنگ آؤٹ پریڈ کامعائنہ کیااور اعزازات تقسیم کئے ۔ بعدازاں مریم نواز کی زیر صدارت پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ کمیٹی روم میں امن وامان کی صورتحال پر اجلاس ہوا جس میں امن وامان سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سماج دشمن اور جرائم پیشہ عناصر کے لئے اب کوئی جگہ نہیں،کچے میں پوری قوت سے گینگز کا خاتمہ کیا جائے گا،پولیس کو پورے وسائل مہیا کریں گے ۔دریں اثنا وزیر اعلیٰ سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ملاقات کی،صوبائی وزرا بلال یاسین، سلمان رفیق،سید عاشق حسین کرمانی اور مجتبیٰ شجاع الرحمن بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ مریم نواز نے کہا کہ عام آدمی کی فلاح سب سے زیادہ عزیز ہے ۔ وزیراعلیٰ نے لڑکیوں کیلئے انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہاکہ معاشرے کو ترقی یافتہ بنانے کیلئے ضروری ہے کہ ہماری بچیاں انفارمیشن ٹیکنالوجی سکلز حاصل کریں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں