اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کیلئے تیار ہیں: پی ٹی آئی

 اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کیلئے تیار ہیں: پی ٹی آئی

اسلام آباد (خصوصی نیو ز رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک)پی ٹی آئی کے ترجمان رؤف حسن نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کے لیے کل بھی تیار تھے ، آج بھی اور آئندہ بھی رہیں گے۔

 مگر ان کی طرف سے اب تک کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رؤف حسن نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کے لیے سوا سال سے کمیٹی بنائی ہوئی ہے ۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے ہمارا مینڈیٹ چرایا ، ان سے کوئی بات چیت نہیں ہوگی، حکومتی جماعتیں مذاکرات میں سنجیدہ ہیں تو پہلے ہمارا مینڈیٹ واپس کریں، یہ چوری کیا ہوا مینڈیٹ ان کو چھوڑنا پڑے گا۔ ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ اس وقت حکمران صرف مہریں ہیں، ان کے پاس کوئی طاقت نہیں، جب تک سیاسی معاملات میں اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت رہتی ہے جمہوریت کی جڑیں مضبوط نہیں ہو سکتیں، شہریار آفریدی کا بیان پارٹی پوزیشن نہیں، اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنے کا مقصد ان کو ان کا آئینی کردار بتانا ہے ۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز نے بانی پی ٹی آئی کی جانب سے مذاکرات کی اجازت دیئے جانے کی تصدیق کردی ۔شبلی فراز نے کہا ہے کہ سیاسی عدم استحکام نے ملک کو گرفت میں لیا ہوا ہے ، مذاکرات کے پیرا میٹرز پہلے طے کیے جائیں، مذاکرات کس کس طریقے سے اور کس ماحول میں ہوں گے پہلے طے کیا جائے تب ہی مذاکرات کی راہ ہموار ہوگی جو اسٹیک ہولڈرز ہیں ان سے مذاکرات ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف بھی ایک حقیقت ہے اور اسٹیبلشمنٹ بھی ایک حقیقت ہے یہ حکومت فارم 47 پر تشکیل پانے والی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں