مریم نواز کا نالوں اور ڈرین کی بھر پور صفائی کا حکم ،روزانہ رپورٹ طلب

مریم نواز  کا  نالوں اور  ڈرین کی بھر پور صفائی کا حکم ،روزانہ رپورٹ طلب

لاہور (سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب بھر میں ندی نالوں کی بھرپور صفائی کا حکم دیا ہے اور ممکنہ بارشوں کے پیش نظرڈرین کی بھرپور صفائی کی ہدایت بھی کی ہے۔

وزیراعلی ٰنے ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر اضلاع سے ڈیلی رپورٹ طلب کرلی ہے -مریم نوازنے پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ہیڈ آفس کا دورہ کیا اورخصوصی اجلاس میں تمام بیراج لنک کینال،مین کینال،ڈریننگ سسٹم اوربند وغیرہ کی صورتحال پر رپورٹ پیش کی گئی-سیکرٹری ایریگیشن، چیف میٹرالوجسٹ،ڈی جی پی ڈی ایم اے نے تفصیلی بریفنگ دی-مریم نے پی ڈی ایم اے کے مرکزی کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا اور ویدرپورٹل،فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن،فلڈ سمولیشن ماڈل کا مشاہدہ کیا-اجلاس میں وزیراعلی ٰنے ہر ضلع کی انتظامیہ کو ممکنہ سیلاب کے پیش نظر متاثرہ علاقوں میں عوام کو انخلاء کے پلان سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی-متاثرہ دیہات کے لوگوں کو قیام و طعام کے مقام سے متعلق آگاہ کرنے کا حکم بھی دیا-انہوں نے کہاکہ رودکوہی کے نالوں کے راستوں میں تجاوزات اوررکاوٹیں ہٹائی جائیں۔ممکنہ سیلا ب کے پیش نظر آبادی کے بروقت انخلا کی پلاننگ کی جائے ۔انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ مال مویشی کوبھی بروقت نکالاجائے ۔انہو ں نے کہاکہ دنیا بھر میں ارلی فلڈ وارننگ سسٹم رائج ہے ،پاکستان میں کیوں سیلاب کا بروقت پتہ نہیں چلتا۔بارشوں کی صورت میں ہر شہر میں پانی کی فوری نکاسی کااہتمام کیا جائے ۔ادھر وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز عوام کی مشکلات کا جائزہ لینے والٹن روڈ خودپہنچ گئیں اوراے ڈی اے نالہ والٹن روڈ کی ری ماڈلنگ اور اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا دورہ کیا۔خود دورہ کرکے نالے اورروڈ کی تعمیر کا جائزہ لیا۔

ڈیفنس موڑ پر ٹریفک کی صورتحال کا بھی معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے ستمبر تک والٹن روڈ کا تین رویہ کیرج وے عام ٹریفک کے لئے کھولنے اوراسی سال اکتوبر تک دونوں اطراف کی چھ رویہ والٹن روڈ عام ٹریفک کے لئے کھولنے کا حکم دیا۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ مریم نوازکی زیر صدارت سائٹ آفس میں خصوصی اجلاس میں والٹن روڈ اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ مریم نواز نے مون سون سے قبل والٹن روڈ پر عوام کو درپیش مسائل کا ازالہ کرنے کی ہدایت کی۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز حاجی پارک راج گڑھ پہنچ گئیں اور یونین کونسل 53میں لاہور ڈویلپمنٹ ماڈل کے پائلٹ پراجیکٹ کاجائزہ لیا۔لاہور ڈویلپمنٹ ماڈل کے پائلٹ پراجیکٹ کے تحت کنکریٹ، کوبل سٹون، ٹف ٹائل اور کلرڈ فلور بنائے گئے ۔ماڈل گلیوں کا معائنہ کیا اور معیار کا جائزہ لیا۔یوسی 53کی ماڈل سٹریٹ میں سٹریٹ لائٹس، گھرو ں کی نمبرنگ او رنام پلیٹ لگائی گئیں۔ماڈل سٹریٹ میں زیر زمین سیوریج کا نظام بھی ری ویمپ کیاگیا، ماڈل سٹریٹ کے مین ہول پرچوری سے بچانے کے لئے خصوصی طورپر پلاسٹک کے بنائے گئے ڈھکن لگائے گئے ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ بارش کے بعد نئی بننے والی ماڈل سٹریٹ میں دیر تک پانی نہیں کھڑا ہونا چاہیے اورمختلف ٹاؤنز کے لئے الگ کلر کی ٹائل لگانے کی تجویز پر اتفاق کیاگیا۔ عالمی دن پراپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ منشیات اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بلاامتیاز کارروائی کے احکامات دیئے گئے ہیں۔آج ہم اپنے نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے منشیات سے پاک پنجاب کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ منشیات کا استعمال زندگیاں اور خاندان تباہ کرتا ہے ، ہمیں اس خطرے سے لڑنے کے لیے متحد ہونا ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں