بانی پی ٹی آئی کو جلد سے جلد رہا کیا جائے :بیرسٹر گوہر

 بانی پی ٹی آئی کو جلد سے جلد رہا کیا جائے :بیرسٹر گوہر

لاہور (کورٹ رپورٹر)چیئر مین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اگر انصاف بروقت نہ ملے تو وہ ناانصافی ہے ہم ججوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کو جلد سے جلد رہا کیا جائے ،قانون کی بالادستی اور پارلیمان کو مضبوط کرنے کے لئے لاہور ہائیکورٹ کا ہمیشہ بڑا کردار رہا ہے۔

ہمارا کسی کے ساتھ جھگڑا نہیں ہے ،صرف رول آف لا کی بات کرتے ہیں،ہماری جو بہنیں جیلوں میں ہیں ان کو کبھی ایک اور کبھی دوسرے کیس میں گرفتار کیا جاتا ہے ۔لاہور ہائیکورٹ بار میں بانی پی ٹی آئی رہا کرو وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا بشریٰ بی بی کے خلاف کوئی کیس نہیں ہے ،صرف ان کو بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہونے پر قید کیا گیا،ہمارا فرض ہے کہ ہم آج انصاف مانگیں ڈیڑھ سال سے ہم یہ نا انصافی برداشت کررہے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہ ہو اور سب کے لئے ایک قانون ہو۔سردار لطیف کھوسہ نے کہا یہ قوم صرف آئین کو مانے گی، بلا چھیننے کا فیصلہ سپریم کورٹ کے بدترین فیصلوں میں سے ایک ہے ، 13 جج مخصوص نشستوں کو واپس کردینگے ، عدت کیس میں بھی خوشخبری ملے گی، پھر ہم دیکھتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کو کون جیل میں رکھتا ہے ، آئین پر عمل کروآپ سب کو بہت جلد خوشخبری ملے گی ،ہم دیکھتے ہیں کہ ہمارے لیڈر اور بشریٰ بی بی کو کون جیل میں رکھتا ہے ، رکن قومی اسمبلی تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم نے کہا آج پاکستان اس نہج پر پہنچ گیا کہ ہمیں بات کرنی پڑ رہی ہے کہ انصاف کو انصاف دو،پنجاب کے عوام کو ساتھ کھڑا ہونا پڑے گا، آپ سب مل کر انقلاب لے کرآئیں گے وکلا ،عوام سب نکلیں گے جو جج حق کے لئے کھڑا ہے ہم سب کو اس کے پیچھے کھڑا ہونا ہے ،وہ دن دور نہیں جب انصاف دینے والوں کو انصاف مل جائے گا یہ وہ انقلاب ہے جو آپ سب کے بغیر ممکن نہیں۔انصاف لائرز فورم کے مرکزی صدر اشتیاق احمد خان نے کہا آج تاریخ رقم ہونے جا رہی ہے ،ملٹری ڈکٹیٹر کے خلاف لاہور ہائیکورٹ بار نے تحریک شروع کی،آج بھی ہم یہاں سے تحریک شروع کرنے جا رہے ہیں،ہم بیرسٹر گوہر علی کے شانہ بشانہ کام کریں گے ،وکلا کنونشن کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کی زیر قیادت ہائیکورٹ بار سے جی پی او چوک تک ریلی نکالی کی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں