ماضی کے آپریشنز سے مغربی سرحد غیر محفوظ ہوگئی، حافظ نعیم

 ماضی کے آپریشنز سے مغربی سرحد غیر محفوظ ہوگئی، حافظ نعیم

اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے آپریشن عزم استحکام کے حکومتی فیصلہ کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان کسی مزید فوجی آپریشن کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

گزشتہ23برسوں سے جاری آپریشنز کے نتیجہ میں مغربی سرحد غیر محفوظ ہوگئی ہے ۔ پرویز مشرف کے امریکہ کی نام نہاد دہشت گردی مخالف جنگ میں پاکستان کی شرکت کے فیصلہ اور سب سے پہلے پاکستان کا نعرہ لگا کر عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش سے حالات ایسے ہوگئے ہیں کہ دہشت گردی روکے نہیں رک رہی۔پاکستان میں را، بلیک واٹر، سی آئی اے سمیت دنیا بھر کی ایجنسیوں کی مداخلت کے دروازے کھل گئے ۔اپنے ایک بیان میں امیر جماعت نے کہا کہ پاکستان بیرونی قوتوں کے دباؤ پر کسی قسم کے آپریشن کا متحمل نہیں ہوسکتا اور نہ ہی فارم 47 سے آئے ہوئے لوگوں کو یہ اختیار ہے کہ قوم کی تقدیر کے فیصلے کریں۔ انہوں نے کہا کہ فارم 47 سے آئے حکمرانوں کی اخلاقی پوزیشن کا اندازہ اس امر سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ انہوں نے فارم 47 سے بننے والی اسمبلی سے بھی آپریشن منظوری ضروری نہیں سمجھی بلکہ ایپکس کمیٹی نے ہی فیصلہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ چند نادیدہ بیرونی قوتیں اور پاکستان میں موجود ایک مخصوص لابی پاکستان اور افغانستان میں تعلقات کی خرابی چاہتی ہیں، جو دونوں ممالک کے مفاد میں نہیں۔ پاکستانی قوم کو یہ پالیسی ہرگز قبول نہیں، ضرورت ہے کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن مکمل کی جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں