عسکری قیادت قوم کودرپیش چیلنجز سےباخبر،آئینی حدود میں رہتے ہوئے پائیدارحل کیلئے کوشاں:عزم استحکام وقت کا تقاضا،تنقید بلا جواز:کور کمانڈرز کانفرنس

عسکری قیادت قوم کودرپیش چیلنجز سےباخبر،آئینی حدود میں رہتے ہوئے پائیدارحل کیلئے کوشاں:عزم استحکام وقت کا تقاضا،تنقید بلا جواز:کور کمانڈرز کانفرنس

راولپنڈی(خصوصی نیوزرپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت کورکمانڈرز کانفرنس میں شرکا نے کہا ‘عزم استحکام ’وقت کا تقاضا ، تنقید بلاجوازہے۔

عسکری قیادت قوم کو درپیش چیلنجز سے باخبر، آئینی حدود میں رہتے ہوئے پائیدار حل کیلئے کوشاں ہے ، آرمی چیف نے کہا پاک فوج تمام اندرونی اور بیرونی چیلنجز کو ناکام بنانے کیلئے ہمیشہ سے تیار رہی ہے ، درپیش چیلنجز کے باوجود  پاک فوج پاکستان کے استحکام اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردارادا کرتی رہے گی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی زیرصدارت265ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، جس میں امن و استحکام کیلئے شہدا، افواجِ پاکستان، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی شہریوں کی لازوال قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا جبکہ ملکی سلامتی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے عزمِ استحکام کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،فورم نے انسدادِ دہشت گردی کے لئے اختیار کی جانے والی حکمت عملی کے ضمن میں عزمِ استحکام کو اہم قدم قرار دیا اور کہا ملک میں پائیدار استحکام اور معاشی خوشحالی کے لیے عزمِ استحکامدہشت گردی اورغیر قانونی سرگرمیوں کے گٹھ جوڑ کو ختم کرنے کیلئے وقت کا اہم تقاضا ہے ،چند حلقوں کی جانب سے عزمِ استحکام کے حوالے سے بلاجواز تنقید اورمخصوص مفادات کے حصول کے لئے قیاس آرائیوں پر فورم نے اظہارِ تشویش کیا۔

فورم نے علاقائی سلامتی بالخصوص افغانستان کی صورتحال پر غور اور علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کیلئے عزم کا اعادہ کیا،کانفرنس کے شرکانے کشمیر اور فلسطین کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کشمیر اور غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، جنگی جرائم اور نسل کشی کی مذمت کی،شرکا نے کہا عسکری قیادت قوم کو درپیش چیلنجز کا بخوبی ادراک رکھتی ہے اور عوام کے تعاون سے اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے ایک پائیدار حل کے لئے کوشاں ہے ، سیاسی عزائم کی تکمیل کیلئے جاری ڈیجیٹل دہشت گردی ریاستی اداروں کے خلاف سازش ہے ،ریاست مخالف بیرونی طاقتوں کی سرپرستی میں جاری ڈیجیٹل دہشت گردی کا مقصد جھوٹ، جعلی خبروں اور پراپیگنڈے کے ذریعے قوم میں نفاق اور مایوسی پھیلانا ہے ،افواج پاکستان اور پاکستانی قوم ان سازشوں سے نہ صرف آگاہ ہیں بلکہ دشمن کے مذموم مقاصد کو شکست دینے کیلئے پُرعزم اور متحد ہیں۔ فورم نے ملک میں جاری سماجی اور معاشی ترقی کے لئے کی جانے والی کوششوں کے لئے مکمل تعاون کا اعادہ کیا اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے اورمعاشی ترقی و استحکام کے لئے کی جانے والی حکومتی کوششوں کی مکمل تائید کی، آرمی چیف نے پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں