جماعت اسلامی کا دھرنا جاری، مذاکرات پھر بے نتیجہ

جماعت اسلامی کا دھرنا جاری، مذاکرات پھر بے نتیجہ

راولپنڈی(نیوزرپورٹر،خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کادھرنا لیاقت باغ میں جاری ہے ،حکومتی ٹیم کے ساتھ کمشنر آفس راولپنڈی میں مذاکرات کا دوسرا دور ہوا جو بے نتیجہ رہا تا ہم مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق ہوا ۔

جماعت اسلامی نے اپنے مطالبات حکومتی کمیٹی کے سامنے رکھے ، مذاکرات کے دوران جماعت اسلامی کی جانب سے پرامن دھرنا جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا جبکہ حکومتی کمیٹی کا کہنا تھا کہ ہم بھی چاہتے ہیں بجلی، پٹرول سستا ہو، تنخواہ داروں پر ٹیکس ختم کرانے کی کوشش کریں گے ۔ حکومت کی طرف سے وفاقی وزیر امیرمقام،ڈاکٹر طارق فضل چودھری اور جماعت اسلامی کی جانب سے لیاقت بلوچ نے مذاکرات کیے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ مذاکرات میں موجود نہیں تھے ۔مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ عوام کو ریلیف ملنا چاہئے ،یہ کمیٹی کمیٹی کا کھیل نہیں چل سکتا،یہ دو جمع دو کا کام ہے ،بجلی پٹرول کی قیمت کریں،یہ واضح اور دو ٹوک بات ہے ۔مذاکرات کے دوسرے مرحلے میں سنجیدگی نظر نہ آتی تو آج ہی ختم کرنے کا کہہ دیتے ۔ پرامن دھرنا جاری ہے ، عوام ہمارے ساتھ ہیں، ہمارے مذاکرات کا دوسرا رائونڈ تھا، دھرنا اور مذاکرات دونوں جاری رکھیں گے ، ہم نے واضح طور پر کہا کہ عوام بجلی کے بل ادا نہیں کر سکتے ۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ اسماعیل ہانیہ کی شہادت فلسطینیوں کو نیا جذبہ دے گی ۔ وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا کہ حکومت بھی چاہتی ہے کہ بجلی، پٹرول اور آٹا سستا ہو، اگر ہم بہتری لا سکے تو ضرور لائیں گے ، جو جماعت اسلامی کی ڈیمانڈ ہے ہم بھی یہی چاہتے ہیں، ان کے جو 3 سے 4 مطالبات ہیں ان پر ہم ضرور بات چیت کریں گے ۔

ضرورکوشش کریں گے کہ بجلی، پٹرول اور تنخواہ داروں پر ٹیکس ختم کریں،امیرمقام نے کہاکہ ہماری ٹیم نے ان سے مشاورت کی، ہر ایک مسئلے پر تفصیلی بات ہوئی۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنماڈاکٹر طارق فضل نے کہا کہ جماعت اسلامی سے خوشگوار مذاکرات ہوئے ، وزیراعظم بھی چاہتے ہیں کہ عوام کو ریلیف دیا جائے ، ہمیں امید ہے کہ مذاکرات مثبت ثابت ہوں گے ۔ علاوہ ازیں جماعت اسلامی کی تنظیموں کے ذمہ داران کے خصوصی مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کا دھرنا 25 کروڑ عوام کے دلوں کی آواز ہے ۔ ہم عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں جس گھر میں بجلی کا بل زائد آتا ہے وہ دھرنے میں آجائے ۔ ہم عوام کی ترجمانی کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے مذاکرات کے حوالے سے لیت و لعل سے کام لیا تو احتجاج اور دھرنوں کا دائرہ وسیع کر دیا جائے گا ۔ چاروں صوبائی ہیڈکوارٹرز پر بھی دھرنے دیئے جائیں گے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حماس کے رہنما اسماعیل ہانیہ کی شہادت امت مسلمہ کا بہت بڑا نقصان ہے ۔ ہم نے آج کا دھرنا اسماعیل ہانیہ کے نام کیا ہے ۔ اسرائیل اوراسکے سرپرستوں کو ظلم کی قیمت چکانا ہوگی۔ بعدازاں جماعت اسلامی کے امیرحافظ نعیم الرحمن کی کال پر ملک بھر کی راولپنڈی میں بھی اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر غائبانہ نماز جنازہ اداکی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی، غائبانہ نماز جنازہ حافظ نعیم الرحمن نے پڑھائی ، حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اسماعیل ہانیہ کی شہادت نے ہم میں ایک نئی روح پھونک دی ہے ، اب کئی ہانیہ پیدا ہوں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں