محسن نقوی کا اسلام آباد کے ترقیاتی منصوبوں کا دورہ، کام کی رفتار کا جائزہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے رات گئے اسلام آباد کے 3 ترقیاتی منصوبوں کے دورے کئے، اسلام آباد ایکسپریس وے اور پارک روڈ پراجیکٹس پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا، جناح کنونشن سنٹر کے اپ گریڈیشن کے کام کا بھی معائنہ کیا، ایکسپریس وے کے 6.7 کلو میٹر طویل روٹ پر کام کا مشاہدہ کیا، بھنڈر پل پر جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ بھی کیا۔

محسن نقوی نے پی ڈبلیو ڈی چوک سے ٹی چوک تک ایکسپریس وے پراجیکٹ کو 2 ماہ میں 100 فیصد مکمل کرنے کا حکم دیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ نے ایکسپریس وے پراجیکٹ کو کنٹرولڈ کوریڈور بنانے کا پلان طلب کیا، ایف ڈبلیو او کے حکام نے منصوبے پر ہونے والی پیش رفت پر بریفنگ دی۔

محسن نقوی نے ایف ڈبلیو او کے کیمپ آفس کے لان میں شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا، 7.2 کلو میٹر طویل پارک روڈ کی تعمیر و کشادگی کے پراجیکٹ کا بھی جائزہ لیتے ہوئے منصوبے کو ستمبر سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کام کے دوران ٹریفک کی دیگر روٹس پر منتقلی کا پلان طلب کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز اور ایس ایس پی ٹریفک کو منصوبے کا دورہ کر کے قابل عمل پلان وضع کرنے کی ہدایت کی۔

بعدازاں وزیرداخلہ محسن نقوی نے جناح کنونشن سنٹر میں جاری اپ گریڈیشن کے کام کا معائنہ کیا، اپ گریڈیشن پراجیکٹ کو جلد اور اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کرنے کا حکم دیا۔

چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کو بریفنگ دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں