ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اسرائیل پر براہ راست حملے کا حکم دیدیا

لاہور(دنیا نیوز)امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ آیت اللہ خامنہ ای نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے فوری بعد منعقدہ ہنگامی اجلاس میں ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کو اسرائیل پر حملے کا حکم دے دیا۔

 غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل نے اپنے لیے سخت سزا کی بنیاد فراہم کر دی ہے اور ایران اپنے ملک کے اندر ہونے والے اسماعیل ہنیہ کے قتل کا بدلہ لینا اپنا فرض سمجھتا ہے۔

ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ مجرم اور دہشتگرد صیہونی حکومت نے ہمارے گھر میں ہمارے مہمان کو شہید کیا اور ہمیں سوگوار کیا، اس سے قبل ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہنیہ کے قتل کا بدلہ لینا تہران کا فرض ہے۔

آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ اسماعیل ہنیہ نے ایک قابل عزت راہ میں سالوں تک جان داؤ پر لگا کر جدوجہد کی اور شہادت کیلئے ہمیشہ تیار رہے جب کہ انہوں نے اپنے لوگ اور بچے بھی اس راہ پر قربان کیے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں