اسماعیل ہانیہ کا خون رائیگاں نہیں جائے گا : ایرانی وزارت خارجہ

تہران : (دنیانیوز ) ایرانی وزارت خارجہ نے تہران میں حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اسمعیل ہانیہ کی شہادت پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسماعیل ہانیہ کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا۔

ایران نے ہنگامی طور پر اپنی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کا اجلاس منعقد کر کے حماس سربراہ اسماعیل ہانیہ  کے تہران میں قتل کے واقعے پر غور کیا ہے، یہ  اجلاس صبح سویرے ہنگامی طور پر طلب کیا گیا تھا۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی کاکہنا ہے کہ  تہران میں اسماعیل ہانیہ کی شہادت تہران، فلسطین  کے درمیان گہرے اور اٹوٹ بندھن کو تقویت ملے گی۔

یاد رہے کہ آج حماس رہنما  اسماعیل ہانیہ  کو ایران میں قاتلانہ حملے میں شہید کردیا گیا، حماس نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا  کہ اسماعیل ہانیہ کو یہودی ایجنٹوں نے نشانہ بنایا جس کا بدلہ لیا جائے گا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ پر رات دو بجے  تہران میں ان کی رہائش گاہ پر حملہ کیا گیا، وہ ایران کے نئے صدر مسعود پزشکیان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے ایران میں موجود تھے۔

مسعود پزشکیان کی حلف برداری کی تقریب میں 70 سے زائد ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی تھی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں