بیروت حملہ : اسرائیلی فوج کا حزب اللہ کمانڈرفواد شُکرکی ہلاکت کا دعویٰ

بیروت : (دنیانیوز/ویب ڈیسک ) لبنان کے دارالحکومت بیروت پر اسرائیلی لڑاکا طیاروں کے حملے میں 2 بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے، اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں حزب اللّٰہ کمانڈر فواد شُکر مارے گئے۔

اسرئیلی میڈیا کے مطابق حزب اللّٰہ کے سربراہ حسن نصراللّٰہ کے فوجی مشیر سید محسن فواد شُکر کے مارے جانے کی تصدیق ہوگئی ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق فواد شکر حاج محسن اور محسن شُکر کے نام سے بھی مشہور تھے، ان کے سر کی قیمت امریکا نے 50 لاکھ ڈالر مقرر کی تھی۔

فواد شُکر نے 1985 میں حزب اللّٰہ میں شمولیت اختیار کی تھی اور وہ سربراہ حسن نصراللہ کے ملٹری ایڈوائزر بھی تھے ۔

یہ بھی پڑھیں :حزب اللہ پرحملہ، ایرانی صدرپزشکیان نے اسرائیل کوخبردارکردیا

اسرائیل کا کہنا ہے کہ کارروائی گولان کے پہاڑیوں پر حملوں کے جواب میں کی گئی، ان حملوں میں دروز نسل سے تعلق رکھنے والے 12 اسرائیلی شہری مارے گئے تھے، تاہم حزب اللّٰہ نے حملوں میں ملوث ہونے کی تردید کی تھی۔

دوسری جانب بیروت پر اسرائیلی حملے سے متعلق لبنانی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت تین افراد شہد اور 74 زخمی ہوگئے ہیں تاہم جاں بحق افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

لبنان کے نگراں وزیراعظم نجیب مکاتی نے کابینہ اجلاس طلب کرلیا ہے اور حملے کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں