آرپی اوز ،ڈی پی اوزعوامی مساجد میں نماز جمعہ ادا کریں:مریم نواز

آرپی اوز ،ڈی پی اوزعوامی مساجد میں نماز جمعہ ادا کریں:مریم نواز

راولپنڈی ،لاہور ، مری (نیوز رپورٹر ،نمائندہ دنیا )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت کمشنر آفس راولپنڈی میں خصوصی اجلاس ہوا - اجلاس میں طے پایا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے اضلاع کا دودہ کرینگی۔

طویل عرصے سے زیر التوا پراجیکٹس کی تفصیل طلب کر لی ہے ۔راولپنڈی میں ضروری اشیاء خوردونوش کے نرخ کا جائزہ لیا۔ راولپنڈی میں سبزی منڈیاں اور سہولت بازار قائم کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔راولپنڈی میں اسسٹنٹ کمشنر کی تعداد بڑھانے کا اصولی فیصلہ کیاگیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے چھوٹے بڑے شہروں میں پبلک ٹوائلٹس کی روازنہ صفائی کی ہدایت کی۔ آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو عوامی مساجد میں نماز جمعہ میں شرکت کی ہدایت کی۔شہروں میں مین پلاسٹک ہول ڈھکن متعارف کرنے پر اتفاق کیاگیا۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ملک کو ترقی کے لئے امن واستحکام چاہیے ۔ فرائض میں کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں۔ پولیس کی کسی تعیناتی میں کوئی سیاسی عمل دخل نہیں۔کام کر کے دکھائیں۔ محض جرمانہ کافی نہیں۔ گراں فروشی پر تین دن کے لئے دکان بند کی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ سہولت بازار میں خواتین دکانداروں کی حوصلہ افزائی کی جائے ۔صفائی ستھرائی کا مسئلہ گلی محلوں میں زیادہ ہے ۔نگرانی اور مانیٹرنگ کے بغیر کوئی کام کرنے کو تیار نہیں۔ شہریوں میں گرین بیلٹ اور مارکنگ یکساں ہو نی چاہیے ۔ادھروزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اورمسلم لیگ کے صدرمحمد نوازشریف سے مری میں برٹش ہائی کمشنرجین میری ایٹ نے ملاقات کی۔ برٹش ہائی کمشنر اسلام آباد کی پولیٹیکل قونسلر زوی ویئر بھی موجود تھیں۔ ملاقات میں تعلیم، صحت، موسمیاتی تبدیلیوں اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پنجاب کے طلبہ کے لئے برطانیہ کی جامعات میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع بڑھانے سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے حکومت پنجاب کے پائیدار اقدامات سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے باہمی مہارتوں سے مستفید ہونے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے گورنس کا معیار بہتر بنانے کے لئے پولیس اور انتظامیہ کی مانیٹرنگ کیلئے کے پی آئی سسٹم سے آگاہ کیا۔

ڈیجیٹل پنجاب کیلئے جاری اقدامات پر گفتگو کی گئی اورپنجاب میں سولر پینل پراجیکٹ سے بھی آگاہ کیا گیا۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے نواز شریف آئی سٹی میں برطانوی اداروں کوسرمایہ کاری کی دعوت دی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پنجاب ڈیجیٹلائزیشن کے دور داخل ہوچکا ہے ، عنقریب پنجاب لیڈ کرے گا۔ آئی ٹی یونیورسٹیز کے قیام کے لئے برطانوی اداروں کا خیر مقدم کیا جائے گا۔لاہور میں محمد نوازشریف آئی ٹی سٹی،ٹوئن ٹاورز کا پراجیکٹ تیز ی سے تکمیل کے مراحل طے کررہا ہے ۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے فارن کامن ویلتھ اینڈڈویلپمنٹ آفس کے تعلیم اور دیگر شعبوں کے اشترک کار کو سراہا۔میاں نواز شریف اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز گزشتہ روزمری پہنچے تھے ۔دونوں بذریعہ ایکسپریس وے مری پہنچے ، جہاں انہوں نے کشمیر پوائنٹ باغِ شہیداں میں اپنی رہائش گاہ پر قیام کیا۔ذرائع نے بتایا ہے کہ مری ڈیویلپمنٹ پلان پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور نواز شریف کو بریفنگ دی جائے گی۔وزیرِ اعلیٰ اورنواز شریف کا قیام اگلے 2 روز تک متوقع ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں