توشہ خانہ نیا ریفرنس :عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 14 روزہ ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

راولپنڈی : (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے توشہ خانہ کے نئے ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

احتساب عدالت راولپنڈی کے جج ناصر جاوید رانا نے توشہ خانہ ٹو بلگری جیولری ریفرنس پر سماعت کی، وکلا صفائی کی جانب سے سلمان صفدر ٹیم کے ہمراہ پیش ہوئے، سماعت کے دوران ریمانڈ کی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔

نیب رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی نے تحریری بیان دیدیا، بانی پی ٹی آئی نے اپنے ہاتھ سے بیان لکھ کر دیا جبکہ بشری بی بی نے لکھی تحریر پر اپنے دستخط کئے ۔

قومی احتساب بیورو (نیب ) نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کا مزید ریمانڈ نہیں مانگا، عدالت نے چودہ روز کے جوڈیشل ریمانڈ کا حکم جاری کر دیا۔

کیس کی آئندہ سماعت دو ستمبر کو ہو گی، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کا 36 دن کا ریمانڈ مکمل ہو چکا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں