امریکی نائب صدر کملا ہیرس نے ڈونلڈ ٹرمپ کو بزدل قرار دے دیا

واشنگٹن : (ویب ڈیسک ) امریکی نائب صدر اور ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار کملا ہیرس نے اپنے مخالف ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو بزدل قرار دیا ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پینسلوینیا میں اپنی انتخابی مہم کے دوران خطاب میں ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کملا ہیرس نے کہا کہ 5 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں ان کا مقابلہ بزدل امیدوار سے ہے جس کی سیاست کا محور صرف مخالفین کو نیچا دکھانا ہے۔

کملا ہیرس کا کہنا تھا کہ گزشتہ کچھ سالوں سے غلط روایت چل پڑی ہے کہ کسی لیڈر کی طاقت اور اہلیت کا اندازا اس بات سے لگایا جائے گا کہ اس نے کسے گرایا ہے جبکہ ہمیں پتا ہے کہ پرکھنے کا اصل معیار یہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ لیڈر کو پرکھنے کا معیار یہ نہیں کہ اس نے کس کو گرایا یا نیچا دکھایا بلکہ اصل معیار یہ کہ آپ کے لیڈر نے کس کو اوپر اٹھایا۔

کملا ہیرس نے براہ راست ڈونلڈ ٹرمپ کا نام لینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی شخص جو دوسروں کو نیچا دکھانے یا گرانے کی کوشش میں مصروف رہتا ہے وہ بزدل ہوتا ہے۔

واضح رہے امریکہ میں صدراتی انتخابات نومبر کے پہلے ہفتے میں ہورہے ہیں جس میں کملا ہیرس اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں