سنسناٹی اوپن : آریانا سبالینکا نے آئیگا سویٹیک کو ہرا کرفائنل میں جگہ بنالی

اوہائیو: (ویب ڈیسک ) سنسناٹی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں خواتین کے سنگلز مقابلوں کے پہلے سیمی فائنل میچ میں بیلا روس کی آریانا سبالینکا نے عالمی نمبرون پولینڈ کی ٹینس سٹار آئیگا سویٹیک کو شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

امریکی ریاست اوہائیو کے شہر سنسناٹی میں جاری ایونٹ میں کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے۔

سال کے چوتھے گرینڈ سلام یو ایس اوپن سے قبل وارم اپ ٹورنامنٹ کے ویمنز سنگلز کےپہلے سیمی فائنل میچ میں بیلا روس کی 26 سالہ آریانا سبالینکا نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

سبالینکا نے حریف 23 سالہ پولش ٹینس سٹار آئیگا سویٹیک کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6 اور 3-6 سے شکست دے کر نہ صرف ایونٹ سے باہر کر دیا بلکہ فائنل کے لئے بھی کوالیفائی کرلیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل آریانا سبالینکا اور آئیگا سویٹیک 2024 میں میڈرڈ اوپن اور اٹالین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں دو بار آمنے سامنے ہوئیں لیکن سبالینکا دونوں فائنلز میں آئیگا سویٹیک سے ہار گئی تھی۔

بیلا روس کی 26 سالہ آریانا سبالینکا کا ویمنز سنگلز فائنل میں مقابلہ امریکی حریف کھلاڑی جسیکا پیگولا سے ہوگا، جنہوں نے ڈبلیو ٹی اے ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں ہسپانوی حریف کھلاڑی پاؤلا بدوسا کو شکست دی تھی،ان کی فتح کا سکور 2-6، 6-3 اور 3-6 رہا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں