سندھ حکومت بجلی سستی کرے :گورنر وفاق سے بات کریں :صوبائی حکومت

سندھ حکومت بجلی سستی کرے :گورنر وفاق سے بات کریں :صوبائی حکومت

کراچی (این این آئی) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے صوبے میں بجلی کی قیمت میں کمی کیلئے سندھ حکومت کو خط لکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ پنجاب کی طرح سندھ میں بھی عوام کو ریلیف دیا جائے اور بجلی بلوں میں فی یونٹ 14 روپے کمی کی جائے ، سندھ میں بارشوں سے تباہی کے بعد لوگوں کی مدد کی ضرورت ہے ۔

 اندرون سندھ بارش سے متاثرہ علاقوں میں راشن پہنچا رہے ہیں۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت نے اپنے بجٹ سے عوام کے لیے 14 روپے فی یونٹ بجلی کی قیمت کم کی ہے ، مریم نواز کی کوششوں کی تعریف کرتا ہوں، ان کی نیت ٹھیک تھی تب ہی بجٹ سے کٹوتی کر کے عوام کو ریلیف دیا۔ انہوں نے کہاکہ جب پنجاب اپنے بجٹ سے پیسے نکال کر ریلیف دے سکتا ہے تو سندھ کیوں نہیں، اگر سندھ میں بجلی کی قیمت کم نہ کی گئی تو عوام میں احساس محرومی پیدا ہوگا، میں وزیراعلیٰ سندھ کو خط لکھ رہا ہوں کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے بجٹ مختص کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ اچھے کام کی تعریف اور غلط کام پر تنقید کرنی چاہیے ، سندھ حکومت نے صحت کے شعبے میں اچھا کام کیا لیکن اسے صحیح طریقے سے نہیں دکھایا گیا۔دو سری جانب حکومت سندھ کی ترجمان سعدیہ جاوید نے کہا ہے کہ گورنر کامران ٹیسوری وزیراعظم سے مطالبہ کریں کہ تمام صوبوں کے لیے ریلیف کا اعلان کیا جائے ،کامران ٹیسوری خاطر جمع رکھیں، حکومت سندھ بجلی کے بلوں کے ستائے عوام کے لیے جلد اہم اعلان کرے گی۔گورنر سندھ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ گورنر کامران ٹیسوری رٹے رٹائے جملے ادا کرنے کے بجائے حقیقت پسند بنیں، ملک اس وقت توانائی بحران میں جکڑا ہوا ہے ، فرمائشی پروگرام بحرانوں کا حل نہیں ہوتے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں