مسائل حل نہیں ہونگے تو ریاست کیخلاف نفرت بڑھے گی:حافظ نعیم

مسائل حل نہیں ہونگے تو ریاست کیخلاف نفرت بڑھے گی:حافظ نعیم

لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کوئٹہ میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہو ئے کہا ہے کہ حق دو پاکستان کو تحریک کا آغاز یکم ستمبر سے ہو گا، 28اگست کو بجلی کی قیمتوں، ٹیکسز اور حکمرانوں کی مراعات میں کمی کے مطالبات کے ساتھ ملک گیر ہڑتال ہو گی۔

 بلوچستان میں لاپتا افراد کا مسئلہ حل کیا جائے ، حکمران احتجاج روک سکتے ہیں، سوچ پر پابندی نہیں لگا سکتے ، عوام کے مسائل حل نہیں ہوں گے تو ریاست کے خلاف نفرتیں بڑھیں گی، صوبہ کی گیس، معدنیات پر بلوچستان کے عوام کا ترجیحی حق ہے ، کچھی کینال منصوبہ مکمل کیا جائے ۔ ایران پاکستان گیس پائپ لائن مکمل ہو جائے تو ملک کی 30فیصد توانائی کی ضروریات پوری ہو سکتی ہیں، سی پیک کے مخالف نہیں، اس سے مقامی افراد کو فائدہ ہونا چاہیے ۔نواز شریف نے 30سالہ سیاست کے تجربہ کے باوجود بیٹی کو ساتھ بٹھا کر لوکل پولیٹکس کی، بجلی کی اصل لاگت کے مطابق قیمت کا تعین کر کے پورے پاکستان کو ریلیف دیا جائے ۔امیر جماعت نے کہا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بدامنی بڑا قومی مسئلہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز ایک طرف تو کیپسٹی چارجز کی مد میں عوام کے خون پسینے کی کمائی نچوڑ رہے ہیں، دوسری جانب پتا چلا ہے کہ ان پرائیویٹ بجلی پیدا کرنے والے کارخانوں کو ٹیکس کی مد میں 1200ارب کی چھوٹ دی گئی۔ امیر جماعت نے کہا کہ حکمران طبقہ کو لاپتا افراد کے وارثوں کے دکھ کا اندازہ اسی صورت میں ہو سکتا ہے ، اگر ان کا کوئی اپنا لاپتا ہو جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں