وفاقی کابینہ:6ممالک سے تجارتی معاہدے کی توثیق:دن رات ایک کرکے حالات بدل دئیے،مہنگائی کا بوجھ کم ہورہا:شہبازشریف

وفاقی کابینہ:6ممالک سے تجارتی معاہدے کی توثیق:دن رات ایک کرکے حالات بدل دئیے،مہنگائی کا بوجھ کم ہورہا:شہبازشریف

اسلام آباد (نامہ نگار،اے پی پی،دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی کابینہ نے پاکستان اور 6 ممالک پر مشتمل تجارتی بلاک (مرکوسر)کے درمیان تجارتی فریم ورک معاہدے کی توثیق کر دی جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے جنوبی امریکا کی مارکیٹ ممکنہ طور پر پاکستانی مصنوعات کے لئے اچھی مارکیٹ ثابت ہو سکتی ہے۔

دن رات ایک کر کے حالات بدل دیئے ، مہنگائی کا بوجھ آہستہ آہستہ کم ہو رہا ہے ،ہمیں معیشت میں مزید استحکام لانا ہے ،روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہماری اولین ترجیح ہے ۔ شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر صنعت، پیداوار و قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین کے بھائی و رکن صوبائی اسمبلی مرحوم رانا افضال حسین کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگوکرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا مہنگائی کا بوجھ آہستہ آہستہ کم ہو رہا ہے ، مہنگائی کی شرح اگست میں 9.6فیصدسے نیچے آگئی ہے ،رائٹ سائزنگ اور ڈائون سائزنگ کے ساتھ ساتھ گردشی قرضوں میں بھی کمی لانا ہو گی، آئی ایم ایف کے ساتھ یہ ہمارا آخری پروگرام ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا اخراجات میں تیزی سے کمی کرنی ہے ، ٹیکس چوری اور بدعنوانی کو روکنا، سمگلنگ کا بھی خاتمہ کرنا ہے ۔ سفر مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں ۔ انہوں نے کہا معیشت کی بہتری کے لئے تمام سمتوں میں سنجیدگی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ آئی ایم ایف کے پروگرام کے لوازمات پورے کرنے کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔ آئی ایم ایف بورڈ میں ہمارا کیس جائے گا تو نیاسفر شروع ہو گا ۔وفاقی کابینہ نے وزارت تجارت کی سفارش پر مرکوسر جوکہ جنوبی امریکا میں موجود ممالک برازیل، ارجنٹینا، یوروگوائے اور پیراگوئے پر مشتمل ایک تجارتی بلاک ہے اور جسے عام زبان میں سدرن کامن مارکیٹ کے نام سے پکارا جاتا ہے اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے درمیان تجارتی فریم ورک معاہدے پر بعد از وقوع/دستخط کی منظوری دے دی۔ وفاقی کابینہ نے تجارتی فریم ورک معاہدے کی توثیق بھی کردی۔وزیراعظم نے ہدایت کی معیشت سے متعلق تمام معاہدے اور مفاہمتی یادداشتیں جن پر عرصے سے کوئی کام نہیں ہوا ان پر تیز رفتاری سے کام کیا جائے ۔

وفاقی کابینہ نے البانیہ کی وزارت برائے یورپ ، خارجہ امور اور پاکستان کی وزارت خارجہ کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے ،کانفرنس آن انٹریکشن اینڈ کانفیڈینس بلڈنگ میژرز ان ایشیا2010 کے سیکرٹریٹ، اس کے عملے اور رکن ممالک کے نمائندگان کے استحقاق اور استثنٰی کے کنونشن کی توثیق کی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ نے وزارت وفاقی تعلیم کی سفارش پر سینئر جوائنٹ سیکرٹری سید جنید اخلاق کی بطور چیئرمین فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میں تعیناتی کی مدت میں ریگولر افسر کی تعیناتی تک توسیع کی منظوری دی۔ مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی پالیسی کے مسودوں کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دینے کی بھی منظوری دی گئی ۔ کمیٹی تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرکے ایک ماہ تک اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف سے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین، وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اور تعلیم خالد مقبول صدیقی کی زیر قیادت وفد نے ملاقات کی ۔وفد میں ڈاکٹر فاروق ستار ، مصطفی کمال اور سید امین الحق شامل تھے ۔ وفد نے وزیر اعظم کی قیادت میں معاشی پالیسیوں کی بدولت مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ پر آنے پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے کہا اتحادی جماعتوں کے تعاون سے ملکی ترقی کا کام تیزی سے جاری ہے ۔کراچی کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق ملاقات میں ایم کیو ایم نے بجلی کے نرخوں میں کمی کا مطالبہ دہرایا اور کراچی حیدر آباد سمیت سندھ کے شہری علاقوں کیلئے ڈویلپمنٹ پیکیج پر عملدرآمد کے طریقہ کار کا معاملہ بھی اجاگر کیا۔ شہباز شریف نے ایک بار پھر ایم کیو ایم کے مطالبات پر تیزی سے عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ ایم کیو ایم نے لاپتا سیاسی کارکنوں کی بازیابی کی کوششیں تیز کرنے کیلئے وزیراعظم سے درخواست کی۔ وزیر اعظم نے ایم کیو ایم کے مطالبات کو پورا کرنے اور درپیش مسائل حل کرنے کی ہدایت جاری کی۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے ایم کیو ایم کو آئینی ترمیم پر پارلیمانی جماعتوں سے جلد بات چیت کی یقین دہانی کروائی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں