مالی وسائل بڑھانے کا حکم ،پائی پائی عوام پر خرچ ہوگی:مریم نواز
لاہور(دنیانیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان کے پہلے سرکاری آٹزم سکول کا سنگ بنیاد رکھ دیا جبکہ وزیراعلیٰ نے پنجاب ریونیو اتھارٹی کے اجلاس کے دوران پنجاب میں ریسٹورنٹس، بیکریوں، شادی ہالز کا مستند ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مختلف محکموں کی ملکیتی اراضی کا ریکارڈ طلب کر لیا۔
اجلاس میں ریونیو اہداف وصولی کا جائزہ لیا گیا اورمالی وسائل بڑھانے کا حکم جاری کیاگیاجبکہ پنجاب ریونیو اتھارٹی کے امور میں اے ڈی سی ڈی ،اسسٹنٹ کمشنرز کو با اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔وزیراعلیٰ کا کہناتھاکہ عوام پر ٹیکس بڑھائے بغیر ریونیو کی وصولی میں اضافہ کیا جائے گا،یہ ٹیکس سرکاری خزانے میں جمع ہوگا اور اس کی پائی پائی عوام پر خرچ ہوگی۔انہوں نے کہا کہ عوام کیلئے بہت کچھ کرنا چاہتی ہوں مگر مالی وسائل زیادہ نہیں ہیں ۔تفصیلات کے مطابق مریم نواز شریف نے پاکستان کے پہلے سرکاری آٹزم سکول کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آٹزم سکول پراجیکٹ میرے دل کے بہت قریب ہے ، آٹزم کے شکار بچے ہمدردی اور محبت کے مستحق ہیں ، آٹزم سکول کی تعمیر ایک سال میں مکمل کر دی جائے گی۔ وزیر اعلٰی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پہلے سرکاری آٹزم سکول میں جونیئر سیکشن کیلئے 11کلاس رومز اور سینئر سیکشن کے لئے 10کلاس روم بنائے جائیں گے ۔
گرائونڈ فلور پر کیوبیکل سپیچ سیشن، 10کلاس روم، تھراپی روم، پیڈز روم، پری ووکیشنل ٹریننگ روم، ڈیلی لیونگ ایکٹویٹی روم اور کمپیوٹر روم قائم ہوگا۔ فرسٹ فلور پر 3کلاس روم،ملٹی پرپز ہال، کمیٹی روم، لائبریری، ریسورس روم اور میٹریل ڈیویلپمنٹ روم قائم ہونگے ،سکول میں سکیورٹی وال، فائر الارم سسٹم، ٹیلی فون ایکسچینج، اوور ہیڈ ریزروائر قائم ہوگا ۔ مریم نواز نے آٹزم ماہرین کی فوری ہائرنگ اور آٹزم کے ماہرین کی مشاورت سے پراجیکٹ تیار کرنیکا حکم دیا ۔بعدازاں پنجاب ریونیو اتھارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مریم نواز نے صوبے میں ریسٹورنٹس، بیکریوں، شادی ہالز کا مستند ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت کی ،اجلاس میں اتھارٹی کی صوبے کے مختلف اضلاع تک توسیع کی منظوری دی گئی اور اتھارٹی کے امور میں اے ڈی سی ڈی، اسسٹنٹ کمشنرز کو با اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے صوبے کے مختلف محکموں کی ملکیتی اراضی کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے ان کے بہترین استعمال کیلئے پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ مریم نواز نے صوبے کے مالی وسائل بڑھانے کیلئے پلاننگ کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ریونیو وصولی کے ٹارگٹ ہر صورت پورے کئے جائیں جب کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی لیگل فریم ورک کی تشکیل کی ٹائم لائن مقرر کی جائے ۔