احتجاج کی آڑ میں تشدد اور دہشتگردی کا منہ توڑ جواب ملے گا:مریم نواز

احتجاج کی آڑ میں تشدد اور دہشتگردی کا منہ توڑ جواب ملے گا:مریم نواز

لاہور(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اسلام آباد میں کانسٹیبل کی شہادت پر گہرے رنج وغم کا اظہار اور شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ احتجاج کی آڑ میں تشدد اور دہشتگردی پر منہ توڑ جواب ملے گا۔

عوام پوچھتے ہیں کیسا پرامن احتجاج ہے ،سینکڑوں پولیس اہلکاروں کو حملے کرکے زخمی کردیا گیا۔ تحریک انتشارمسلح جتھے کی شکل اختیار کر چکی ہے ۔ نام نہاد احتجاج سے لوگوں کاکاروبار متاثر ہوا، لاکھوں شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔دوسروں کو اذیت دینا اور عوام کے جان ومال کی سکیورٹی پر تعینات اہلکاروں پر تشدد کونسی سیاست ہے ۔ تشدد اور دہشتگردی کا راستہ اختیار کرنیوالوں سے کوئی رعایت نہیں ہونی چاہیے ۔ وزیر اعلیٰ نے شہیدکانسٹیبل حمید شاہ کے اہلخانہ سے ہمدردی وتعزیت کا اظہار کیا اورحمید شاہ شہید و دیگر اہلکاروں پر تشدد کی شدید مذمت کی۔ دریں اثناوزیراعلیٰ مریم نواز سے پاکستان میں ارجنٹائن کے سفیر سیباسٹین سیوس(Mr. Sebastian Sayus)نے ملاقات کی۔ اوکاڑہ میں سائلوز کا پائلٹ پراجیکٹ لانچ کرنے پر اتفاق اورلائیوسٹاک، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی و دیگر صنعتی شعبوں میں تعاون کے فروغ پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا پاکستان اور ارجنٹائن کے تعلقا ت بہتری کی جانب گامزن ہیں۔ بزنس ٹو بزنس انٹر ایکشن بڑھانے کیلئے اقدامات کیے جائینگے ۔ ارجنٹائن کی میٹ پروسیسنگ ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں، لائیوسٹاک، سپورٹس اور سرجیکل آلات کے شعبے میں ارجنٹائن سے تجارت کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سکیورٹی سمیت تمام سہولیات فراہمی یقینی بنا رہی ہے ۔ پنجاب میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع سے فائدہ اٹھا یا جا سکتا ہے ۔ارجنٹائن کے سفیر نے کہا زراعت، فارماسیوٹیکل، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور صنعتی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ شعبہ لائیو سٹاک اوربائیو ٹیکنالوجی میں پنجاب کیساتھ کام کرنا چاہتے ہیں۔ تجارت کے فروغ کیلئے گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ اور بزنس ٹو بزنس کوآرڈینیشن بہتر بنائینگے ، فوڈ سکیورٹی میں بھی پنجاب کو تکنیکی معاونت فراہم کرینگے ۔ ارجنٹائن کی ڈپٹی ہیڈ آف مشن ایریکا لوسیرو (Mrs. Erica Lucero)،سینیٹر پرویز رشید اور چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان بھی موقع پر موجود تھے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں