سیاسی مخالفین کو معاشی ترقی ہضم نہیں ہورہی :شہباز شریف
اسلام آباد(نامہ نگار)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین کو پاکستان کی معیشت میں بہتری ہضم نہیں ہو رہی،معیشت کی ترقی اور مملکت خداداد کی خوشحالی ہماری اولین ترجیح ہے ۔
وزیراعظم سے گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی اور انہیں اسلام آباد کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی ۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر کہا کہ اسلام آباد پر دھاوے کو ناکام بنانے میں اسلام آباد پولیس نے شاندار کردار ادا کیا،پاک فوج، پنجاب پولیس اور رینجرز کے دستوں نے بھی اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ شہبا زشریف کا کہناتھاکہ دنیا پاکستان کی معاشی پالیسیوں کی معترف ہے ، سیاسی مخالف پاکستان کی ترقی میں رخنہ ڈالنا چاہتے ہیں،پاکستان کی معیشت کے حوالے سے کسی کو غیر قانونی طور پر عدم استحکام پیدا نہیں کرنے دیں گے ، آنے والے دنوں میں پاکستان میں ہونے والی بین الاقوامی تقاریب معمول کے مطابق ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کے بہترین اور اعلیٰ معیار کے انتظامات کئے جا رہے ہیں جس پر پوری توجہ ہے ۔وزیر داخلہ نے بریفنگ میں بتایا کہ اہم شاہراہیں ٹریفک کے لئے کھول دی گئی ہیں اورصورتحال تیزی سے معمول پر آ رہی ہے ۔وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو سری لنکا سے پاکستانی قیدیوں کی واپسی پر بھی بریفنگ دی،سری لنکا میں قید 56 پاکستانی قیدی آج وطن واپس پہنچیں گے ۔وفاقی وزیر نجکاری عبد العلیم خان سری لنکا سے پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کے تمام اخراجات برداشت کریں گے ۔