وسائل پر قابض چند لوگوں کیخلاف جنگ کرنا ہو گی:حافظ نعیم

وسائل پر قابض چند لوگوں کیخلاف جنگ کرنا ہو گی:حافظ نعیم

لاہور ،گجرات (سیاسی نمائندہ ،مانیٹرنگ ڈیسک) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کو چاہیے کہ وہ باعزت راستہ اپنائیں اور ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کریں۔

 گجرات میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں ہر طرف مسائل ہی مسائل ہیں،ہر فرد سے ٹیکس لیا جاتا ہے لیکن وہ قرضوں ،سود ادائیگی میں چلا جاتا ہے ،وسائل پر قابض چند فیصد لوگوں کیخلاف فیصلہ کن جنگ کرنا ہو گی ،حکومت کو فوری طور پر سید منصور علی شاہ کے آئندہ چیف جسٹس پاکستان کا اعلان کرنا چاہیے ،لیڈر جیل میں ہو تو کارکن ڈی چوک میں پٹ جاتے ہیں۔ فوجی اور سول بیوروکریسی اپنی مراعات ختم کریں، حکمران طبقہ کی عیاشیوں کا بوجھ عوام نہیں اٹھا سکتے ۔جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو میدان میں کھڑی ہے ۔ جنرل (ر) باجوہ کی ایکسٹینشن پر پی ٹی آئی، ن لیگ، ق لیگ، پی پی سمیت سب ایک تھے ، جماعت اسلامی نے ووٹ نہیں دیا۔ علاوہ ازیں حافظ نعیم الرحمن نے ملک بھر کی خواتین اساتذہ کے آن لائن کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا مودودی ؒ نے ایک بہترین تعلیمی نظام کا خاکہ پیش کیا۔ تعلیم تجارت بن گئی ۔گورنمنٹ نے اپنے تعلیمی اداروں کو گود دے دیا ۔دریں اثنا حافظ نعیم الرحمن نے ایک بیان میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے استعفی دینے کا مطالبہ کردیا۔نقوی صاحب پی سی بی چیئرمین ہیں، ایک نقوی بے چارہ کیا کیا کرے ، انہیں ناکامی پر استعفیٰ دینا چاہیے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں