یہ آزاد عدلیہ کا گلہ گھوٹنے کا عمل:اپوزیشن

یہ آزاد عدلیہ کا گلہ گھوٹنے کا عمل:اپوزیشن

اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے ، مانیٹرنگ ڈیسک )قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ جن لوگوں کا شکریہ ادا کیا جارہا تھا وہاں نامعلوم افراد کو بھی شامل کرتے ، آئینی ترمیم آزاد عدلیہ کا گلہ گھونٹنے کا عمل ہے ۔

حکومت چوری شدہ مینڈیٹ کے ساتھ یہاں بیٹھی ہے ، یہ اسمبلی ترمیم کا مینڈیٹ نہیں رکھتی۔قومی اسمبلی میں خطاب کرتے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ یہ ووٹ کو عزت دو سے بوٹ کو عزت دو کا سفر ہے ، آپ ایک ارب سے تین ارب فی ایم این اے کا فقرہ بولتے ، آپ نامعلوم لوگوں کا شکریہ بھی ادا کرتے ، آپ ان لوگوں کے ڈالوں کا بھی شکریہ ادا کرتے ۔ یہ آئینی ترمیم پاکستانی عوام کی نمائندگی نہیں کرتی، ترمیم 31 اکتوبر کو منظور ہوجاتی تو کیا ہوجاتا۔عمران خان کا بلیک آئوٹ کردیا گیا انکے سیل میں پانچ روز سے بجلی نہیں ۔ یہ پورا پراسس بدبودار پراسس ہے ، آپ آزاد عدلیہ کو ختم کرنے جارہے ہیں، یہ اسمبلی ترمیم کا مینڈیٹ نہیں رکھتی۔ پاکستانی عوام فارم 47 کی حکومت کا مینڈیٹ تسلیم نہیں کرتے ، آئینی ترمیم کے ذریعے یہ آزاد عدلیہ کو ختم کرنے جارہے ہیں، ہمارے 5 لوگوں کو زد و کوب کرکے رکھا گیا ان کا بھی شکریہ ادا کرتے ۔ مبارک زیب،ظہور قریشی، اورنگزیب کھچی، ریاض فتیانہ، زین قریشی، عادل بازئی پر دباؤ ڈالا گیا۔عمر ایوب نے بتایا ریاض فتیانہ کے بیٹے کو دو بار اغوا کیا گیا، انتظار پنجوتھہ11 دن سے غائب ہیں، مبین جٹ کا گھر مسمار کیا گیا، اس سارے پروسس میں ہمارے ارکان کو زدوکوب کیا گیا۔ چودھری الیاس، عثمان علی کو اغوا کرکے آج یہاں لے کر آگئے ، مبارک زیب کے بھائی پی ٹی آئی کے ورکر تھے ، ان کو غائب کرکے آج نمودار کیا گیا، ظہور قریشی کو غائب کرکے آج یہاں پیش کیا گیا، اورنگزیب کھچی کو زبردستی غائب کرایا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں