جسٹس منصور میرٹ پر چیف جسٹس بن جائینگے :بلاول بھٹو

 جسٹس منصور میرٹ پر چیف جسٹس بن جائینگے :بلاول بھٹو

اسلام آباد ( خصوصی نیوز رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک)پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جسٹس منصور علی شاہ نے خود کہا کہ سنیارٹی کے ساتھ میرٹ بھی ضروری ہے۔

 اگر وہ میرٹ پر پورے اترے تو چیف جسٹس بن جائیں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ حقیقت قبول کرنا پڑے گی کہ وہ اختلاف رائے رکھیں لیکن اختلاف رائے کا مطلب یہ نہیں کہ ہم ایک دوسرے کے دشمن بن جائیں۔بلاول بھٹو زرداری نے سینیٹ اور قومی اسمبلی سے منظوری سے قبل ہی سب کو 26 ویں آئینی ترمیم کی مبارکباد پیش کر دی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا آج تاریخی دن ہے ، آپ سب کو 26 ویں آئینی ترمیم مبارک ہو۔ ان کا کہنا تھا مولانا فضل الرحمن سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے ، مولانا صاحب کا شکر گزار ہوں، جے یو آئی نے آئینی ترامیم کے مسودے پر بہت محنت کی ہے ۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا پی ٹی آئی نے ہر فورم کو استعمال کیا لیکن ترمیم پر ایک لفظ نہیں دیا، پی ٹی آئی ارکان نے کمیٹی میں اور ملاقاتوں میں اتفاق رائے کیا تھا، میری اور مولانا کی پریس کانفرنس کے بعد پی ٹی آئی کا ردعمل بہت افسوسناک ہے ،انہوں نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم میں کوئی متنازعہ پوائنٹ نہیں بچا، مولانا کا جتنا شکریہ ادا کروں وہ ناکافی ہے ، مولانا کا کردار تاریخ یاد رکھے گی ۔ بلاول کا کہنا ہے کہ ملک کے موجودہ چیف جسٹس نے مجھے وہ انصاف دیا جو کوئی اور نہیں دے سکتا ۔ اس جج نے مشرف غداری، ایبٹ آباد کیس، فیض آباد کیس اور کوئٹہ وکلا کیس کے فیصلوں کو نمٹایا ،تمام صحافی حضرات چیف جسٹس کے ایکسٹینشن پر غلط خبروں پر معافی مانگیں ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے خود ملاقات کے بعد اپنا مؤقف دینے کا کہا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں