سٹاک مارکیٹ انتہائی بلندیوں پر،چندروز میں مزید خوشخبریاں ملیں گی:شہباز شریف

سٹاک مارکیٹ انتہائی بلندیوں پر،چندروز میں مزید خوشخبریاں ملیں گی:شہباز شریف

کراچی،اسلام آباد(دنیا نیوز،نامہ نگار،نیوز ایجنسیاں)پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 100 انڈیکس نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے انتہائی بلندیوں کو چھو گیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے سٹاک ایکسچینج کی تاریخی سطح سے تجاوز کرنے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا پر امید ہوں آئندہ چند روز میں معیشت کی بہتری کے حوالے سے مزید خوشخبریاں ملیں گی۔

تفصیل کے مطابق پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ بنانے کا سلسلہ جاری رہا ، کاروباری ہفتے کے آخری روز کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا اور 100 انڈیکس ملکی تاریخ میں پہلی بار 90 ہزار 593 پوائنٹس کی سطح پر چلا گیا۔بعدازاں اتار چڑھاؤ کے بعد کاروباری روز کے اختتام پر سٹاک مارکیٹ میں 100 انڈیکس ایک ہزار 47 پوائنٹس کے اضافے کے بعد 89 ہزار994 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا ۔ کاروبار تیزی سے مارکیٹ کے سرمائے میں 97ارب 54کروڑ24لاکھ14ہزار808روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم115کھرب 92ارب32کروڑ43لاکھ79ہزار595روپے سے بڑھ کر 116کھرب 89ارب 86کروڑ67لاکھ94ہزار403روپے ہو گیا۔دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کے 100-انڈیکس میں 90 ہزار پوائنٹس کی تاریخی سطح سے تجاوز کرنے پر قوم کو مبارکباددیتے ہوئے کہا اللہ کے فضل و کرم سے مارچ 2024 سے سٹاک مارکیٹ میں بتدریج اضافہ سرمایہ کاروں کی حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی ہے ۔14 برس بعد پاکستان کی سٹاک مارکیٹ میں ایسا تیز اضافہ معاشی ٹیم کی ان تھک محنت کا نتیجہ ہے ۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا سٹاک مارکیٹ میں مارچ 2024 سے اب تک 36 فیصد اضافہ، مہنگائی میں کمی اور مجموعی معاشی استحکام کا سہرا معاشی ٹیم کو جاتا ہے ۔مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے 6.9 فیصد پر آگئی۔گزشتہ سہ ماہی میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر ریکارڈ 8.8 ارب ڈالر پر پہنچ گئیں۔انہوں نے کہا مسلسل دو ماہ سے کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس میں ہے ،بجلی صارفین کے ریلیف کیلئے آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر نظر ثانی شروع ہو چکی ۔ پاکستان کو ڈیفالٹ کے دہانے پر پہنچانے والوں کے خواب چکنا چور ہو گئے ۔ وزیراعظم نے کہا عوام سے عہد کیا تھا لاکھوں قربانیوں سے حاصل کئے اس ملک کو مجرمانہ غفلت برتنے والوں کی نا اہلی کے نتائج کی بھینٹ نہیں چڑھنے دونگا۔ہم نے سیاست کی قربانی دے کر ریاست بچائی۔آج اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان میں ہر محاذ پر بہتری آئی ہے ۔پر امید ہوں آئندہ چند روز میں معیشت کی بہتری کے حوالے سے مزید خوشخبریاں ملیں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں