کشمیریوں، فلسطینیوں کے حالات عالمی برادری کو بہت کچھ کرنے کا پیغام دیتے ہیں: آرمی چیف
راولپنڈی(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ بے گناہ معصوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کے حالات عالمی برادری کو بہت کچھ کرنے کا پیغام دیتے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بین الاقوامی امن قائم رکھنے کے تربیتی مراکز کی تنظیم انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پیس کیپنگ ٹریننگ سنٹرز (IAPTC)کی سالانہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ آج عالمی امن کو مسلسل بڑھتے ہوئے خطرات اور چیلنجز کا سامنا ہے ، اقوام متحدہ اور دیگر تنظیموں کی جانب سے جاری امن کی کوششوں کے باوجود بے گناہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کی حالت زار اس بات کی یاد دہانی کراتی ہے کہ اب بھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 28ویں سالانہ کانفرنس پہلی بار پاکستان میں سینٹر فار انٹرنیشنل پیس اینڈ اسٹیبلٹی نسٹ اسلام آباد میں ہو رہی ہے ،گزشتہ روزتقریب کا باقاعدہ آغاز آرمی چیف نے نئی عمارت کے افتتاح کے ساتھ کیا، کانفرنس 8نومبرتک جاری رہے گی ۔اقوام متحدہ کے امن آپریشنز کے انڈر سیکرٹری جنرل جین پیئر لاکروکس، اقوام متحدہ کے پولیس ایڈوائزر، ایکٹنگ ڈپٹی ملٹری ایڈوائزر، پاکستان کے سیکرٹری خارجہ اور ریکٹر نسٹ بھی مہمان خصوصی کے ساتھ موجود تھے۔