راحت فتح علی خان نے بنگلہ دیش میں پاکستانی موسیقی کا جادو جگا دیا
ڈھاکا(شوبزڈیسک) گلوکار راحت فتح علی خان نے ڈھاکا کے آرمی سٹیڈیم میں ‘ایکوز آف ریوولوشن’ کنسرٹ میں پرفارم کرکے بنگلہ دیش میں پاکستانی موسیقی کا جادو جگا دیا۔
کنسرٹ میں راحت فتح علی خان اور ان کی ٹیم نے بغیر معاوضے کے پرفارم کیا اور منتظمین سے ٹکٹوں کی فروخت سے بھی کوئی منافع لینے سے گریز کیا۔کنسرٹ میں راحت فتح علی خان کے علاوہ مشہور مقامی بینڈز آرٹ سیل، چرکٹ، آفٹرمتھ اور سلسیلا نے بھی پرفارم کیا جبکہ ریپ آرٹسٹ شیزان اور حنان نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ کنسرٹ کا انعقاد کرنے والی تنظیم ‘سپرٹس آف جولائی’نے کہاکہ اس کنسرٹ کا مقصد رواں برس جولائیاگست میں ہونے والے پرتشدد احتجاج میں شہید اور زخمی ہونے والوں کے خاندانوں کی مدد کرنا ہے ۔آرگنائزر زنے کہاکہ ایونٹ سے حاصل ہونے والی تمام آمدنی متاثرہ خاندانوں کیلئے کام کرنے والی ایک فلاحی تنظیم ‘شہدا میموریل فاؤنڈیشن’ کو عطیہ کردی جائے گی۔علاوہ ازیں گلوکار کے اعزاز میں پاکستانی ہائی کمشنر احمد معروف نے عشائیہ بھی دیا،جس میں میں ماضی کی معروف اداکارہ شبنم بھی شریک ہوئیں اور راحت فتح علی خان کو عظیم گلوکار قرار دیدیا ۔