لاہور: تعلیمی ادارے جمعہ ہفتہ بند کرنے، گلبرگ میں بھی گرین لاک ڈاؤن کی تیاری

لاہور: تعلیمی ادارے جمعہ ہفتہ بند کرنے، گلبرگ میں بھی گرین لاک ڈاؤن کی تیاری

لاہور(اپنے سٹی رپورٹر سے، کامرس رپورٹر، نیوزایجنسیاں)سموگ کے باعث لاہور میں جمعہ اور ہفتہ کوتمام تعلیمی ادارے بند کرنے اور گلبر گ کے علاقے میں بھی گرین لاک ڈاؤن لگانے کی تجویز پیش کردی گئی اور اس پر عملدرآمد کی تیاری ہونے لگی۔

تفصیلات کے مطابق کمشنر لاہور ڈویژن زید بن مقصود اور سیکرٹری ماحولیات راجہ جہانگیر نے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کو تجاویز دی ہیں کہ لاہو رمیں جمعہ اور ہفتہ کو تمام سکول، کالجز اور یونیورسٹیز بند رکھی جائیں جبکہ گلبرگ کے علاقے میں لبرٹی، ایم ایم عالم روڈ اور مین مارکیٹ کو بھی گرین لاک ڈاؤن کی فہرست میں شامل کیاجائے ۔ذرائع کا کہناہے کہ سینئر وزیر اس حوالے سے آج پریس کانفرنس میں اعلان کریں گی ۔دوسری طرف ہوا کا رخ تبدیل ہونے کی وجہ سے بھارت کا دارالحکومت نئی دہلی کا ایئر کوالٹی انڈیکس393 تک پہنچ گیا ہے جبکہ لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 280 پر ہے ۔ ہوا کی رفتار 2 سے 5.5 کلومیٹر فی گھنٹہ تک جنوب سے مشرق کی طرف چل رہی ہے ، جس سے آلودگی کی سطح میں کمی آنے میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ بھارت کے شہر کولکتہ نے 189 کے سکور کے ساتھ تیسری، دبئی نے 177 کے ساتھ چوتھی، قاہرہ نے پانچویں اور ڈھاکہ نے چھٹی پوزیشن حاصل کی ۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت آلودگی کے خلاف سخت اقدامات کر رہی ہے ، کنٹرول روم سے صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے ، عوام کو ہدایت کی جا رہی ہے کہ گھروں میں رہیں اور بلا ضرورت باہر نہ نکلیں۔ فصلوں کی باقیات کو جلانے سے روکنے کے لیے ماحولیاتی ادارے اور ضلعی انتظامیہ سختی سے نگرانی کر رہی ہیں اور خلاف ورزی پر گرفتاریوں اور جرمانے بھی ہو رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں