غزہ :اسرائیلی بمباری ،مزید58شہید،110سے زائد زخمی
غزہ (اے ایف پی)غزہ کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی بمباری سے 24 گھنٹے کے دوران مزید 58افراد شہید ،110سے زائد زخمی ہو گئے ۔
شمالی غزہ کے علاقے بیت لاہیہ کے سکول میں قائم پناہ گا ہ پر اسرائیلی فضائی حملے میں خواتین اور بچوں سمیت 28افراد شہید ،50سے زائد زخمی ہو گئے ۔ کئی ملبے تلے دب گئے ۔ بیت لاہیہ میں کمال عدوان ہسپتال کے صحن اور چھت کو اسرائیلی ڈرونز نے نشانہ بنایا ۔حملے میں ہسپتال کے قریبی گھر اور عمارتیں تباہ ہو گئیں ۔ ہسپتال حکام نے بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج ہسپتال کے بچے کھچے طبی آلات،انتہائی نگہداشت یونٹ اور سرجری ڈیپارٹمنٹ کو بمباری کا نشانہ بنا رہی ہے ۔غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری جنگ میں ابتک کم ازکم 45ہزار317فلسطینی شہید،1لاکھ 7ہزار 713زخمی ہو چکے ۔ادھر اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو نے قانون سازوں کو بتایا کہ غزہ میں یرغمالیوں کی رہائی کو محفوظ بنانے کیلئے مذاکرات میں کچھ پیشرفت ہوئی ہے ۔ نیتن یاہو نے پارلیمنٹ میں کہا ہم جو کچھ بھی کر رہے ہیں اس کو ظاہر نہیں کیا جا سکتا۔ ہم انہیں واپس لانے کیلئے اقدامات کر رہے ۔ احتیاط سے کہنا چاہتا ہوں کہ کچھ پیشرفت ہوئی ہے ۔