بنیادی مراکز صحت کو جدید ترین کلینکس میں بدلیں گے:مریم نواز
لندن ، لاہور (دنیانیوز، نیوز ایجنسیاں) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے عوام کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے عزم کے تحت پنجاب بھر میں تمام مراکز صحت کی بیک وقت ری ویمپنگ کا ریکارڈ تکمیل کے قریب پہنچ چکا ہے ۔
پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اور دیہات اور سیمی اربن علاقوں سمیت تمام مراکز صحت کی خستہ حال عمارتیں چمکتے کلینکس میں تبدیل ہوں گی۔ وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر کے تمام مراکز صحت کی ری ویمپنگ کے لئے 31دسمبر کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی۔محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کے اعدادوشمار کے مطابق پنجاب کے 1236 مراکز صحت کی ری ویمپنگ اور بحالی کا پراجیکٹ تیزی سے جاری ہے ۔ری ویمپنگ پراجیکٹ میں سنٹرل پنجاب کے 286،نارتھ زون کے 363 اور جنوبی زون کے 587مراکز صحت شامل ہیں ۔ وسطی پنجاب کے مراکز صحت کی 20فیصد،شمالی زون کی 28فیصد اور جنوبی پنجاب کی 25فیصد سے زائدکی ری ویمپنگ مکمل کر لی گئی-پنجاب بھر میں 1219مراکز صحت کو فیملی کلینکس کی شکل دینے کا کام تیزی سے جاری ہے ۔772یونٹس پر پلاسٹرنگ،384کی فلورنگ اور 74 ہیلتھ یونٹس کی فنشنگ تیزی سے جاری ہے ۔محکمہ تعمیرات و مواصلات کی خصوصی ٹیمیں تیزی سے تکمیل کے لئے سر گرم عمل ہیں ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے مراکز صحت کی فیملی کلینکس کے طور پر ری ویمپنگ پلان میں تعمیراتی معیار اور شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ پنجاب کے عوام کو علاج کی بہترین سہولتوں کے لئے کیا گیا وعدہ پورا کریں گے ۔
پنجاب بھر کے بنیادی مراکز صحت کو نہ صرف جدید ترین کلینکس میں بدلیں گے بلکہ ڈاکٹروں اور سٹاف کی کمی بھی پوری ہوگی۔ پنجاب کے دیہات کے مراکز صحت کو ایسے کلینکس میں تبدیل کریں گے جو پرائیویٹ ہسپتالوں سے بھی بہتر دکھائی دیں گے ۔ عوام کو صحت کی بہترین سہولتیں دہلیز پر فراہم کرنے سے بڑے ہسپتالوں پر مریضوں کا رش کم ہوگا۔دریں اثنا وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نمونیا سے بچاؤ کے سلسلے میں عالمی دن پراپنے پیغام میں کہاہے کہ نمونیا سے احتیاط ضروری ہے ،نمونیابچوں اور بزرگوں کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے ۔ نمونیا سے دنیا بھر میں سالانہ لاکھوں بچے اور بزرگ لقمہ اجل بنتے ہیں۔ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو نمونیا سے بچاؤ کی ویکسینیشن ضروری ہے ۔ بروقت تشخیص اور علاج سے نمونیا پر قابو پایا جا سکتا ہے ۔ نمونیا سے بچاؤاور بروقت علاج کی آگاہی اجتماعی ذمہ داری ہے ۔نمونیا سے بچاؤ کے لیے سردی میں بچوں کی صحت پر خاص توجہ دیں۔علاوہ ازیں مریم نواز نے لندن پہنچنے پرگفتگو کرتے ہوئے کہاکہ 6 سے 7 سال بعد پاکستان میں دوبارہ ترقی آ رہی ہے ،سموگ کا مسئلہ راتوں رات حل نہیں ہو سکتا ، چند سالوں میں حل کر لیں گے ۔