پولیس کوسیشن کورٹ سسٹم تک رسائی نہ دی جائے :ہائیکورٹ
لاہور (کورٹ رپورٹر)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے پنجاب میں درج مقدمات کے چالان عدالتوں کو بھجوانے کے معاملے پر سماعت کرتے ہوئے حکم دیاہے کہ پولیس کوسیشن کورٹ کے آن لائن انفارمیشن سسٹم کے پاسورڈ تک رسائی نہ دی جائے ۔
عدالت نے ڈپٹی پراسیکیوٹرجنرل کوپراسیکیوٹرجنرل رپورٹ اور سیشن کورٹس میں جمع چالانوں کی تعداد میں تضادات کا جائزہ لینے کی ہدایت کردی۔ زیرالتوا چالانوں سے متعلق کیس کی سماعت پرچیف جسٹس نے ریمارکس دیئے سیشن ججوں کی رپورٹ عدالت پہنچ چکی ، جسکے مطابق 5اضلاع میں جمع کرائی گئی رپورٹ درست ہے ، باقی سیشن ججوں کی بھجوائی گئی رپورٹ کی تصدیق نہیں کی گئی، چالانوں بارے آن لائن انفارمیشن تک رسائی کا معاملہ کہاں تک پہنچا؟نمائندہ پی آئی ٹی بی نے عدالت کو بتایا کہ ٹی او آرز طے ہوگئے ، مزید اجلاسوں کے بعد مکمل کرلیں گے ، عدالت نے ریمارکس دیتے کہا پراسیکیوشن اور سیشن ججز کی جانب سے جمع کروائی گئی رپورٹس میں واضح تضاد ہے ،پی آئی ٹی بی والے اپنی رپورٹ بذریعہ رجسٹرار آفس جمع کروائیں، عدالت نے شعبہ پراسیکیوشن کو ہدایت دی کہ وہ سیشن ججز کی رپورٹس کا جائزہ لے اور آئندہ پیشی پر درست اعداد و شمار پر مشتمل رپورٹ پیش کرے تاکہ کیس نمٹایا جا سکے ۔ پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ 31 جولائی 2024 تک تمام مقدمات کے چالان عدالتوں کوبھجوا دئیے گئے ہیں۔