سکیورٹی فورسز کا ہرنائی میں آپریشن،3دہشتگرد ہلاک،میجر اور حوالدار شہید
راولپنڈی،اسلام آباد(دنیا نیوز،نامہ نگار) سکیورٹی فورسز نے ہرنائی میں آپریشن کے دوران 3 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا جبکہ میجر اور حوالدار شہید ہوگئے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران بہادر جوانوں نے 3 دہشتگردوں کو ہلاک کیا جبکہ آپریشن کے دوران بارودی مواد کے دھماکے میں میجر محمد حسیب شہید ہو گئے ، میجر محمد حسیب کارروائی کے دوران اپنے دستے کی قیادت کررہے تھے ۔میجر محمد حسیب شہید کا تعلق ضلع راولپنڈی سے اور عمر 28 سال ہے ، انہوں نے 8سال6 ماہ تک دفاعِ وطن کا مقدس فریضہ سر انجام دیا، شہید کے سوگواران میں والدین اور بہن بھائی شامل ہیں،جبکہ 38سالہ حوالدار نور احمد نے بھی بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا،شہید کا تعلق ضلع بارکھان سے ہے ، حوالدارنور احمد شہید نے 14 سال تک وطنِ عزیز کا دفاع کیا، ان کے سوگوران میں اہلیہ ، 3بیٹے اور بیٹی شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز بلوچستان کے امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں،بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔دریں اثنا میجر محمد حسیب شہیدکی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر،وفاقی وزیراحسن اقبال سمیت اعلیٰ عسکری و سول حکام، افسروں و جوانوں اور شہید کے لواحقین نے شرکت کی، آرمی چیف نے کہا بہادر افسروں اور جوانوں کی قربانیاں دہشتگردی کی لعنت کیخلاف ملک کے دفاع کیلئے غیر متزلزل لگن کی مثال ہیں، انہوں نے روشنی ڈالی کہ قوم فتنہ الخوارج اور ان کی باگ ڈور سنبھالنے والوں کے خلاف جنگ میں مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے ۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا دہشتگردی کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے ۔